انسداد چوری مہم کے دوران کے الیکٹرک کے عملے پر حملہ، یرغمال بنا لیا گیا، ترجمان
- مقامی تھانے میں قانونی کارروائی کیلئے درخواست دائر کر دی ہے،عمران رانا
کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ شہر کے بعض علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے دوران ان کے عملے پر حملہ کیا گیا ، جس پر کچھ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا کا کہنا تھا کہ گزری، پنجاب کالونی اور ملحقہ علاقوں میں چوری کے خلاف مہم چلائی گئی۔
عمران رانا نے کہا کہ اس مہم کے بعد بجلی چوروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تاکہ ”سپلائی کو زبردستی بحال کیا جا سکے“۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوروں نے کے الیکٹرک کے عملے پر حملہ کیا، ہراساں کیا اور بندوق کی نوک پر یرغمال بنایا۔
اس سے قبل شہر کے متعدد علاقوں میں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ منظم مظاہروں نے کراچی کی اہم شاہراہوں کو بند کردیا تھا۔
ٹریفک الرٹ کے مطابق شارع فیصل، چوہدری خلیق الزماں روڈ، کورنگی روڈ، تین تلوار، خیابان اتحاد، سوک سینٹر، سہراب گوٹھ، کورنگی ایکسپریس وے اور لیاری ایکسپریس وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ مظاہرے گاڑیوں کے ذریعے بڑی سڑکوں کو بند کرکے منعقد کیے گئے تھے، جو بجلی کی بندش اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے کے الیکٹرک کی شہر گیر مہم کے خلاف منعقد کیے گئے تھے۔
کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے درخواست ہے کہ وہ بجلی چوروں اور کے الیکٹرک کے عملے کو دھمکیاں دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک شہر بھر میں بجلی چوری کے خلاف بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
7 ستمبر کو کے الیکٹرک نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے سرجانی ٹاؤن اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن کیا۔
اس مہم کے نتیجے میں سرجانی ٹاؤن میں 650 کلو گرام سے زائد وزن کے 750 غیر قانونی کنکشن (کنڈے) ہٹائے گئے۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں آپریشن کو آگے بڑھاتے ہوئے کے الیکٹرک کے انفرااسٹرکچر سے 100 کلو گرام سے زائد وزن کے 50 غیر قانونی کنکشنز ہٹا دیئے گئے۔
نارتھ کراچی 4 کے چورنگی سے لے کر یوسف گوٹھ، یارو گوٹھ، سیکٹر 4 بی اور 4 سی، مہران ٹاؤن، شرافی گوٹھ، شاہ علی گوٹھ، حاجی شمبی گوٹھ تک کے علاقوں میں روزانہ 10 ہزار یونٹ اور ماہانہ 3 لاکھ یونٹ بجلی چوری کی جارہی ہے۔
Comments