سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے چاروں خارجیوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 4 خارجیوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز مہمند پرحملے کی کوشش کی، چاروں خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی اور خوارج کو ختم کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا صفایا کرنے کے پرعزم ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کو ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں سے پاکستان کی سرزمین کو پاک کرنے میں سرگرم عمل ہیں۔

یوم دفاع کے سلسلے میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن کے لیے کوششیں کی ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت اور آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے لیکن کسی کو بھی اس خواہش کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔

Comments

200 حروف