کھیل

شرمناک شکست کے بعد پاکستان ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئی، بابر ٹاپ 10 سے باہر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد آئی...
شائع September 4, 2024

بنگلہ دیش کے ہاتھوں ہوم سیریز میں شرمناک شکست کے بعد پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر آگیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم بھی آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ 10 سے باہر ہوگئے ہیں۔

بنگلہ دیش نے دوسرا ٹیسٹ میچ 6 وکٹوں سے جیت کر 2 میچز کی سیریز میں گرین شرٹس کو وائٹ واش کیا۔

پاکستان نے 2021 کے بعد سے ہوم ٹیسٹ میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، اپنے آخری 10 ٹیسٹ میچوں میں سے چھ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ باقی چار ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔ ہوم ٹیسٹ میں آخری فتح فروری 2021 میں ہوئی تھی۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے علاوہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئی اور دونوں ٹیمیں کوئی بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی تھیں۔

دوسری جانب سیریز 0-2 سے جیتنے کے بعد بنگلہ دیش ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ اسٹینڈنگ میں چھ ٹیسٹ میچوں میں سے تین فتوحات کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ تاہم وہ اب بھی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان سے نیچے نویں نمبر پر ہیں۔

آسٹریلیا 1204 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہے جبکہ بھارت اور انگلینڈ بالترتیب 120 اور 108 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز جیتنے کے بعد جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز بالترتیب پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔

تنزلی کے بعد بابر بارہویں پوزیشن پر پہنچ گئے

بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے آغاز سے قبل نویں نمبر پر موجود بابر اعظم ہوم سیریز میں خراب کارکردگی کے بعد تین درجے تنزلی کے بعد 12 ویں (712 ریٹنگ پوائنٹس) پر آگئے ہیں۔

بابر اعظم گزشتہ 16 ٹیسٹ اننگز میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کرسکے۔

پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 141 رنز بنانے والے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل بھی اگلی تین اننگز میں رنز بنانے میں ناکام رہنے کی وجہ سے 13 ویں سے 20 ویں نمبر پر آگئے۔

دریں اثنا وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان دو درجے بہتری کے بعد 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور وہ ٹاپ 10 میں شامل ہونے والے واحد پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اسپن آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے بھی نمایاں چھلانگ لگاتے ہوئے 9 درجے بہتری کے ساتھ 31 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

دوسری جانب دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے ہیرو لٹن داس 138 رنز کی اہم اننگز کھیلنے کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

میچ میں ان کا بھر پور ساتھ دینے والے مہدی حسن معراج بالنگ اور بیٹنگ کے دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کے بعد بیٹنگ میں 75 ویں اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔

Comments

200 حروف