وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر سیلابی ریلے میں پھنسے خاندان کو بچانے والے محب اللہ کو 25 لاکھ روپے بطور انعام دیے ہیں۔

اگست میں دریائے کولک میں سیلابی ریلے میں پھنسی ایک گاڑی کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر محب اللہ نے ریسکیو کیا تھا، گاڑی میں 7 افراد سوار تھے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق بدھ کو شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر محب اللہ کو خوش آمدید کہا اور ان کے انسانی جانوں کو بچانے کے جذبے کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات میں جان مشکل میں ڈال کر انسانی جانیں بچانا بہادری ہے، اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے محب اللہ پر پوری قوم کو فخر ہے۔

شہباز شریف نے محب اللہ کے بچوں کو یونیورسٹی کی سطح تک مفت تعلیم فراہم کرنے اور ان کے اہل خانہ کو صحت کی مفت سہولتیں فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر محب اللہ نے انہیں وزیراعظم ہاؤس مدعو کرکے اعزاز دینے پرشہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

محب اللہ نے وزیراعظم سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات میرے لیے اعزاز کی بات ہے، لوگوں کی جانیں بچاتے وقت قطعاً نہیں سوچا تھا کہ یہ بات پورے ملک میں مشہور ہو جائے گی۔

گزشتہ ماہ ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے بنیادی ڈھانچے کو کافی نقصان پہنچا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم کے سربراہ یونس مینگل نے بتایا کہ یکم جولائی سے اب تک بلوچستان میں بارشوں سے متعلق واقعات میں مجموعی طور پر 39 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس عرصے کے دوران 895 گھر مکمل تباہ ہوئے ہیں جب کہ 14 ہزار سے زائد جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں جن میں خضدار اور جعفر آباد سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

Comments

200 حروف