جنوبی ایران میں پاکستانی زائرین کو لے جانے والی بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 48 دیگر زخمی ہو گئے۔

پاکستانی زائرین اربعین میں شرکت کے لیے ایران کے راستے عراق جارہے تھے ۔

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایک بس صوبہ فارس کے شہر نیریز اور کرمان صوبے کے سرجان کے درمیان مرکزی سڑک پر ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 48 زخمی اورتین زائرین جاں بحق ہوگئے۔

یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بس میں کتنے افراد سوار تھے۔

فارس ٹریفک پولیس کے اہلکار کرنل عبدالحاشم دہغانی نے ارنا کو بتایا کہ حادثہ بریک میں تکنیکی خرابی اور ڈرائیور کی گاڑی کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کی وجہ سے پیش آیا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل پنجاب اور کشمیر کے سرحدی علاقے آزاد پٹان کے قریب ایک بس کھائی میں جاگری تھی جس میں 24 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، جاں بحق افراد میں پاکستانی زائرین بھی شامل تھے ۔

اسی روز ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک بس کھائی میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

فوج کی ایک کرین نے بس کو کھائی سے نکالنے میں مدد کی ۔

ایرانی عدلیہ کی لیگل میڈیسن آرگنائزیشن کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2024 تک ایران میں سڑک حادثات میں 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ارنا کے مطابق رواں سال 19 اگست تک تقریبا 25 ہزار پاکستانی زائرین عراق کے شہر کربلا پہنچنے کے لیے ایران میں داخل ہو چکے ہیں۔

Comments

200 حروف