پیرس اولمپکس 2024 کے پہلے روز پاکستان کی کارکردگی کا آغاز منفی انداز میں ہواہے کیوںکہ پاکستانی شوٹرز گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت مردوں اور خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔

گلفام پانچ سیریز میں 571 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور 6 پوائنٹس کی کمی کے سبب فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔ فائنل تک رسائی کیلئے 576 پوائنٹس درکار تھے۔ وہ دنیا بھر سے ایونٹ میں حصہ لینے والے 33 شوٹرز میں سے 22 ویں نمبر پر رہے۔

خواتین کے 10 میٹر ایئر پستول مقابلے میں کشمالہ طلعت نے شوٹنگ کی چھ سیریز میں 567 پوائنٹس حاصل کیے۔

گزشتہ سال ہانگژو ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی 21 سالہ شوٹر اپنی پہلی اولمپک کارکردگی میں کوالیفائی کرنے کیلئے درکار پوائنٹس سے کافی پیچھے رہیں۔ وہ کوالیفکیشن راؤنڈ میں 44 میں سے 33 ویں نمبر پر رہیں۔

غلام مصطفی بشیر دوسرے پاکستانی شوٹر ہیں جو اولمپکس میں حصہ لیں گے۔

عالمی ایونٹ میں پاکستان نے 7 ایتھلیٹس کو میدان میں اتارا ہے اور ان کے ساتھ 11 آفیشلز بھی ہیں۔

ان کھیلوں میں ملک کے معروف جیولین تھرور ارشد ندیم، اسپرنٹر فائقہ ریاض، تیراک محمد احمد درانی اور جہاں آرا نبی بھی حصہ لیں گے۔

ان میں سے صرف شوٹرز اور ارشد نے اولمپکس کے لئے براہ راست کوالیفائی کیا تھا۔

Comments

200 حروف