وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں مستحق مریضوں کو صحت کی جدید ترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

جناح میڈیکل کمپلیکس اسلام آباد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں علاج معالجے کا جدید ترین منصوبہ ہوگا ۔ یہ منصوبہ مخلوط حکومت کی جانب سے جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد ، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور دیگر علاقوں کے عوام کے لیے تحفہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ سلطان علی الانا اور آغا خان فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے حکومت پاکستان کو تحفے کے طور پر اسپتال کو مفت کنسلٹنسی فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال کو 600 کنال اراضی پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہے اور 200 کنال کمرشل اراضی بھی فراہم کی جائے گی ۔ یہ اسپتال عام آدمی کو علاج فراہم کرے گا اور بطور وزیراعلیٰ انہوں نے پنجاب کے اسپتالوں میں غریب مریضوں کو مفت دوائیں اور ٹیسٹ فراہم کیے۔

شہبازشریف نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں کچھ لوگوں نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس منصوبے کو یہ جانتے ہوئے مکمل کرنا چاہتے ہیں کہ یہ ایک مشکل کام ہوگا ، اس موقع پر انہوں نے وعدہ کیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خاندانوں کو زمین کا معاوضہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے مارکیٹ کی قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف