پاکستان کا دوسرا سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 جسے حال ہی میں پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو نے لانچ کیا ہے 5 جون کو کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔

ترجمان پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر کمیشن (سپارکو) کے مطابق پاک سیٹ ایم ایم 1 زمین سے 38 ہزار 786 کلومیٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ سیٹلائٹ 38.2 مشرق پر زمین کے مدار میں ہے۔

پانچ ٹن وزنی پاک سیٹ ایم ایم ون جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے جو ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے میں مدد دے گا۔

مدار میں پہنچنے کے بعد سیٹلائٹ کے سولر پینلز نے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مدار میں سیٹلائٹ کی حالت جانچنے کے لیے سیٹلائٹ پر مختلف تجربات کیے جائیں گے۔

پاکستان ملٹی مشن کمیونی کیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 کو 30 مئی کو چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر (ایکس ایس ایل سی) سے لانچ کیا گیا تھا۔

سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 کو سپارکو اور چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن (سی جی ڈبلیو آئی سی) نے مشترکہ طور پر ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔

یہ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجیز پر مبنی ایک جیو اسٹیشنری سیٹلائٹ ہے جو ملک کی سیٹلائٹ پر مبنی مواصلاتی خدمات کو بہت زیادہ بڑھائے گا اور تجارتی اور سرکاری صارفین کی ضروریات کو پورا کرے گا۔

Comments

200 حروف