پاکستان

حکومت توقع سے زیادہ تاخیر سے 12 جون کو بجٹ پیش کریگی

  • اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں بجٹ پیش کرنے کی تاریخ کا فیصلہ کیا گیا
شائع June 7, 2024

** وفاقی حکومت 12 جون کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2024-25 پیش کرے گی۔**

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے چیف وہپس کے مشاورتی اجلاس میں بجٹ 2024-25 بدھ (12 جون) کو ایوان زیریں میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے اور مدت اور بجٹ 2024-25کے متوقع شیڈول سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں 6 اور 7 جون کو صدر کے خطاب پر پیش کی گئی تحریک تشکر پر بحث جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ متوقع شیڈول کے مطابق مالی سال 2024-25 کا بجٹ 12 جون 2024 کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور اجلاس 13 سے 19 جون تک ملتوی کیا جائے گا۔ وقفے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 20 جون کو دوبارہ شروع ہوگا۔

20 سے 24 جون تک بجٹ پر عام بحث کی جائیگی جبکہ مختلف وزراء کے بجٹ کے مطالبات پر کٹوتی کی تحریکیں 26 اور 27 جون کو پیش کی جائیں گی۔

متوقع شیڈول کے مطابق بجٹ 2024-25 (فنانس بل 2024) پر بحث اور منظوری کے لئے 28 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متوقع شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 29 جون تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ مجوزہ بجٹ شیڈول حتمی نہیں ہے اور اسے صورتحال کے مطابق تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اراکین قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری، سید نوید قمر، اعجاز حسین جاکھرانی، ملک عامر ڈوگر، سید امین الحق، نور عالم خان، علی محمد خان، خالد حسین مگسی، شاہدہ اختر علی اور سید حفیظ الدین نے شرکت کی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف