انٹر بینک مارکیٹ میں جمعرات کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کمی ہوئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں قدر 9 پیسے کم ہونے کے بعد روپیہ 278 روپے 39 پیسے پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ بدھ کو روپیہ 278.30 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔

حالیہ ہفتوں میں مقامی کرنسی بڑی حد تک ڈالر کے مقابلے میں 277 سے 278 روپے کی سطح پر رہی ہے جس کی وجہ آئی ایم سے طویل اور بڑے پروگرام کے حصول کے منصوبے پر پاکستان کی پیش قدمی ہے۔

بین الاقوامی سطح پر امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کے نئے اندازوں پر امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی۔

مارکیٹوں نے رواں سال فیڈ کی شرح میں کمی کے تقریباً 50 بیسس پوائنٹس کی قیمت رکھی ہے جس کی پہلی توقع ستمبر میں ہوگی۔

بدھ کو جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی خدمات کا شعبہ مئی میں ایک ماہ قبل قلیل مدتی سکڑاؤ کے بعد دوبارہ نمو کی طرف چلا گیا ہے۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں کیوی 0.6201 ڈالر کی تین ماہ کی بلند ترین سطح کو چھو گیا، اسٹرلنگ 0.09 فیصد اضافے کے ساتھ 1.2800 ڈالر اور آسٹریلوی ڈالر 0.25 فیصد اضافے سے 0.6664 ڈالر پر پہنچ گیا۔

ڈالر انڈیکس 0.14 فیصد کم ہوکر 104.10 پر آگیا۔

Comments

200 حروف