پاکستان

سعودی عرب مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے پرعزم

  • آصف علی زرداری اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ایوان صدر میں ملاقات
شائع April 17, 2024

پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی مفاد کے لیے مضبوط شراکت داری قائم کرنے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بات صدر آصف علی زرداری اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان منگل کو ایوان صدر میں ملاقات کے دوران طے پائی۔

سعودی وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح وفد بھی تھا جس میں وزیر پانی و زراعت، وزیر صنعت و معدنی وسائل، معاون وزیر سرمایہ کاری، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ اور وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر نجکاری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ عبدالعلیم خان، وزیر پٹرولیم و آبی وسائل مصدق مسعود ملک، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

دونوں فریقوں نے علاقائی صورتحال اور مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا اور فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر زور دیا۔ دونوں اطراف نے دو طرفہ اہمیت کے امور اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور پاکستان موجودہ تعلقات کو طویل المدتی اسٹریٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کی حکومت اور عوام حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا سب سے زیادہ احترام کرتے ہیں اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔

انہوں نے سعودی ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیراعظم محمد بن سلمان کی جرأت مندانہ اور بصیرت انگیز قیادت اور ویژن 2030 کے تحت ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہا۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں نے کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے صدر کو مبارکباد بھی پیش کی۔

صدر زرداری نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

Comments

200 حروف