موسمیاتی تبدیلی : دعوے اور حقائق
- موسمیاتی خطرات کم کرنے کے ساتھ انتظامی کمزوریوں اور مقامی مسائل کا حل بھی ناگزیر ہے
ہر سال اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (کوپ) کے دوران موسمیاتی تبدیلی کا بخار عروج پر ہوتا ہے اور دنیا موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کم کرنے پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ یہ توجہ بجا ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، لیکن پاکستان میں آنے والے ہر سیلاب، ہر شدید گرمی کی لہر اور ہر دھند آلود سرد موسم کی وجہ اسے قرار نہیں دیا جا سکتا۔
پاکستان عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، اس کے باوجود اسے موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے۔ ملک میں قدرتی آفات کو سہولت کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی سے منسوب کرنے کا رجحان عام ہوتا جا رہا ہے۔
سیلاب، شدید گرمی، اسموگ اور شہری علاقوں میں بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال، ہر مسئلے کو موسمیاتی تبدیلی کے ایک ہی کھاتے میں ڈال دیا جاتا ہے۔ یہ طریقہ آسان ضرور ہے، لیکن نہ صرف غلط بلکہ حقائق کو مسخ کرنے کا باعث بھی ہے۔ اس کے نتیجے میں پالیسی سازی اور عملی اقدامات کمزور رہتے ہیں۔ اس معاملے کو سمجھنے کے لیے تین پہلوؤں میں فرق کرنا ضروری ہے۔ پہلا خطرہ، یعنی شدید بارش یا غیر معمولی گرمی جیسا قدرتی واقعہ؛ دوسرا اس سے متاثر ہونے والے افراد اور املاک کی تعداد؛ اور تیسرا ان افراد اور املاک کے نقصان سے دوچار ہونے کی شدت۔ موسمیاتی تبدیلی بنیادی طور پر قدرتی خطرات کی شدت پر اثر انداز ہوتی ہے، جبکہ دیگر دو پہلو بڑی حد تک ہمارے اپنے فیصلوں کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
2022 کے سیلاب اس کی واضح مثال ہیں۔ مون سون کی ریکارڈ بارشوں سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، 17 لاکھ مکانات تباہ ہوئے اور سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 1,739 افراد جاں بحق ہوئے۔ آفات کے بعد ہونے والے نقصانات کے تخمینے میں مجموعی نقصان 3.2 ٹریلین روپے، یعنی 14.9 ارب ڈالر لگایا گیا۔ ان تمام نقصانات کو موسمیاتی تبدیلی سے منسوب کیا گیا، تاہم تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس معاملے کی مزید گہرائی میں جانے کی ضرورت ہے۔
ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن (ڈبلیو ڈبلیو اے) گروپ نے ان سیلابوں کے حوالے سے تحقیقی جائزے کیے، جن میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ عالمی حدت نے کس حد تک کردار ادا کیا اور کن عوامل کا اس سے تعلق نہیں تھا۔ سندھ اور بلوچستان میں پانچ روز کے دوران ہونے والی شدید ترین بارشوں کے حوالے سے بیشتر ماڈلز اور مشاہدات سے ظاہر ہوا کہ پاکستان میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ شدید بارشوں کی شدت میں بھی اضافہ ہوا۔ تاہم لا نینا اور بحرہند میں منفی ڈائی پول کی صورتحال نے بھی مون سون کو تقویت دی۔ دریائے سندھ کے پورے طاس میں 60 روزہ بارشوں کے حوالے سے سائنس دان یہ تعین نہیں کر سکے کہ عالمی حدت کا کتنا حصہ تھا۔
اس تباہی میں انسانی عوامل کا کردار بھی نمایاں تھا۔ تحقیق کے ایک شریک مصنف کے مطابق یہ آفت کئی برسوں سے جمع ہونے والی کمزوریوں کا نتیجہ تھی، محض کسی اچانک موسمی واقعے کا نہیں۔ سادہ الفاظ میں عالمی حدت نے بارشوں کی شدت بڑھائی، قدرتی موسمی عوامل نے بھی اس میں اضافہ کیا، جبکہ ناقص تیاری نے شدید بارشوں کو قومی بحران میں تبدیل کر دیا۔ لہٰذا موسمیاتی تبدیلی کا بیانیہ مسلسل پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور مؤثر عمل درآمد کی ضرورت کا متبادل نہیں بن سکتا۔
2025 کے پنجاب کے سیلاب بھی اسی مسئلے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت نے انہیں صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب قرار دیا۔ تقریباً 20 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور 25 لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی زیرآب آگئی۔ بارشیں شدید تھیں، تاہم ماہرین نے دریاؤں کے قریب تعمیرات کی جانب بھی توجہ دلائی، جن کے باعث سیلابی میدان سکڑ گئے اور پانی کے قدرتی بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ یہ انسانی فیصلوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرات ہیں۔ زمین کے استعمال کی ناقص منصوبہ بندی اور قوانین پر عمل درآمد میں ناکامی کو فضائی یا موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
اسموگ کا معاملہ بھی اسی نوعیت کا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کی پنجاب سے متعلق ایک تحقیق کے مطابق فضائی آلودگی میں ٹرانسپورٹ کا حصہ 43 فیصد، صنعت کا 25 فیصد، زراعت کا 20 فیصد اور بجلی کی پیداوار کا 12 فیصد ہے۔ دوسری جانب 2022 میں اربن یونٹ کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ لاہور میں چاول کی باقیات جلانے کا حصہ صرف 4 فیصد جبکہ ٹرانسپورٹ کا حصہ 83 فیصد ہے۔ اگرچہ دونوں تحقیقات کے اعدادوشمار مختلف ہیں، لیکن ان سے مقامی ذرائع آلودگی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ اس خطرے کے بڑے اسباب خود ہمارے پیدا کردہ ہیں اور ان کے تدارک کے لیے بین الاقوامی کانفرنسوں کی ضرورت نہیں۔ مقامی قوانین کے ذریعے آلودگی کے ان ذرائع کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے، عالمی مذاکرات اس کا متبادل نہیں ہو سکتے۔
موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پالیسیوں اور قوانین کی کوئی کمی نہیں، اصل مسئلہ ان پر عمل درآمد کا ہے۔ پاکستان کلائمیٹ چینج ایکٹ 31 مارچ 2017 کو نافذ کیا گیا، جس کے تحت کونسل، اتھارٹی اور فنڈ قائم کرنے کی شقیں شامل کی گئیں۔ تاہم آڈیٹر جنرل کی 2020-21 کی خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ کونسل اور اتھارٹی فعال نہیں تھیں جبکہ فنڈ بھی قائم نہیں کیا گیا تھا۔ مئی 2024 میں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو اتھارٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے تحفظ شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ بعدازاں اتھارٹی قائم کی گئی، تاہم اس کے چیئرمین کا تقرر 22 ستمبر 2026 کو دو سالہ معاہدے پر کیا گیا، یعنی قانون کے نفاذ کے نو سال سے زائد عرصے بعد یہ تقرری عمل میں آئی۔
اسی طرح اکتوبر 2025 میں وزارت موسمیاتی تبدیلی نے کلائمیٹ چینج فنڈ کے لیے ایک ارب روپے کی ابتدائی رقم طلب کی، لیکن مالی سال 2026-27 کے لیے وزارت کے 2.48 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں چار جاری منصوبے شامل ہیں اور اس فنڈ کے لیے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔ اکتوبر 2024 میں 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے شامل کیے گئے آرٹیکل 9 اے میں ہر شہری کو صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول میں رہنے کا حق دیا گیا ہے، لیکن مؤثر ادارہ جاتی نظام کے بغیر یہ حق محض ایک بیانیہ بن کر رہ جاتا ہے۔ پاکستان کے موسمیاتی نظام اور ادارہ جاتی ڈھانچے میں اب بھی متعدد خامیاں موجود ہیں۔
پہلی بڑی خامی ادارہ جاتی خلا ہے۔ کلائمیٹ چینج ایکٹ کا مقصد متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی پیدا کرنا تھا، لیکن اس کے تحت ادارے تاخیر سے قائم کیے گئے اور انہیں اب بھی مخصوص اہداف کے تحت فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس قانون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عمل درآمد، قانون شکنی پر کارروائی اور مقدمات چلانے کے واضح طریقہ کار بھی وضع کیے جانے چاہئیں۔ اس کے علاوہ پالیسیاں اور منصوبے محض بلند بانگ عزائم تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ متعلقہ فورمز سے منظوری کے بعد ان کا باضابطہ اعلان اور عمل درآمد کی نگرانی بھی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
دوسری خامی تصوراتی نوعیت کی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کا موجودہ نظام گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی اور موسمیاتی اثرات سے مطابقت پیدا کرنے پر توجہ دیتا ہے، تاہم بہت سی قدرتی آفات کی شدت میں نکاسی آب کے ناقص نظام، غیر مناسب زوننگ، تجاوزات، جنگلات کی کٹائی اور گاڑیوں کے معیار سے متعلق مسائل بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ عوامل متاثر ہونے کے امکانات اور نقصانات کی شدت کا تعین کرتے ہیں اور بنیادی طور پر صوبائی و مقامی حکومتوں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ صوبوں کے ساتھ فعال رابطہ اور ہم آہنگی پیدا کرے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے صوبے بنیادی فریق ہیں۔ اسی طرح منتخب بلدیاتی حکومتوں کا قیام بھی ضروری ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سب سے مؤثر اقدامات مقامی سطح پر ہی کیے جا سکتے ہیں۔
تیسری خامی اعدادوشمار اور مالی وسائل سے متعلق ہے۔ قومی منصوبوں پر ہونے والی تحقیق میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے تخمینے اور موسمیاتی اعدادوشمار میں خامیوں، تجرباتی تحقیق کی کمی اور نگرانی کے کمزور نظام کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مستند اعدادوشمار کے بغیر یہ تعین کرنا ممکن نہیں کہ قدرتی موسمی خطرات کس حد تک نقصان کا سبب بنے اور متاثرہ آبادی و املاک کے تحفظ میں انتظامی ناکامیاں کس قدر ذمہ دار تھیں۔
پاکستان نے ستمبر 2025 میں اپنی تیسری قومی سطح پر طے شدہ شراکت (این ڈی سی) جمع کرائی، جس میں 2035 تک متوقع گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 50 فیصد کمی کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس میں 17 فیصد کمی کا ہدف ملکی وسائل سے پورا کیا جائے گا جبکہ باقی 33 فیصد کمی کا انحصار بین الاقوامی مالی معاونت پر ہوگا۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے 565.7 ارب ڈالر لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ یہ اچھے عزائم ضرور ہیں، لیکن ان کی تکمیل کے لیے بھاری مالی وسائل درکار ہیں اور عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل درآمد میں سست روی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے شدید خطرات سے دوچار ہے اور نقصانات کے ازالے کے لیے بین الاقوامی مالی معاونت کا مطالبہ بھی جائز ہے۔ تاہم نقصانات کی وجوہات کا دیانت دارانہ اور درست تعین اس مطالبے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ اس سے عالمی مالی معاون اداروں اور عطیہ دہندگان کو یہ پیغام ملتا ہے کہ پاکستان ان مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے جو اس کے اپنے اختیار میں ہیں، جبکہ ان مسائل کے حل کے لیے عالمی برادری سے مدد طلب کر رہا ہے جن پر اس کا براہ راست کنٹرول نہیں۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026


Comments