میانمار میں فوجی حملے، 49 افراد ہلاک، 90 سے زائد زخمی
- کارینی ریاست کی عبوری حکومت نے حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
میانمار میں فوج کے فضائی اور توپ خانے سے کیے گئے الگ الگ حملوں میں 49 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حملے ہفتے کو مغربی ریاست راکھائن اور مشرقی ریاست کایاہ کے باغیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں کیے گئے۔
مقامی رہائشیوں اور امدادی کارکن کے مطابق، مغربی راکھائن کے قصبے مراوک یو پر فوجی طیارے نے دو فضائی حملے کیے، جن میں بچوں اور بزرگوں سمیت تقریباً 28 شہری ہلاک اور 30 زخمی ہوئے۔ باغی گروپ اراکان آرمی کے ترجمان کے مطابق طیارے نے شام 4 بجے کے قریب دو 500 پاؤنڈ وزنی بم گرائے، جبکہ مزید دو بم رات 7 بج کر 50 منٹ پر گرائے۔
مشرقی ریاست کایاہ کے گاؤں موبائے پر فضائی حملوں، ڈرونز اور توپ خانے سے مشترکہ کارروائی کی گئی، جس میں کنڈرگارٹن اور پہلی جماعت کے بچوں سمیت 21 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
کارینی ریاست کی عبوری حکومت نے حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ روئٹرز ان ہلاکتوں اور حملوں کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔


Comments