ایس بی سی اے اور آباد کا تعمیراتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے اقدامات پر غور
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل عابد سلیم قریشی اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین حنیف گوہر نے شہر میں تعمیراتی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے، منصوبوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے اور بلڈرز و ڈیولپرز کو درپیش انتظامی رکاوٹیں دور کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں ایس بی سی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فرحان قیصر اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تعمیراتی منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے سمیت تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل کے حل پر غور کیا گیا۔
عابد سلیم قریشی نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ایس بی سی اے قانونی تقاضے پورے کرنے والے تمام منصوبوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
حنیف گوہر نے ایس بی سی اے اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں اور تعمیراتی صنعت کے درمیان بہتر رابطہ سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
فریقین نے تعمیراتی شعبے کی ترقی اور باہمی رابطوں کے فروغ کے لیے باقاعدگی سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


Comments