بھارت کا نیٹ فلکس سے پاکستان کی پہلی اوریجنل سیریز اپنے پلیٹ فارم پر نشر نہ کرنے کا مطالبہ
- سیاسی کشیدگی اور عالمی اسٹریمنگ کے تناظر میں فن کے کردار پر بحث چھڑ گئی
بھارت کی حکومت نے نیٹ فلکس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی مواد، بشمول پلیٹ فارم کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز، بھارت میں دستیاب نہ ہونے دے۔
بلومبرگ کی جمعے کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، بھارتی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے یہ درخواست آل انڈین سنی ورکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے رواں ہفتے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھنے کے بعد کی۔ تنظیم نے مطالبہ کیا تھا کہ فواد خان اور ماہرہ خان کی اداکاری پر مشتمل رومانوی ڈراما ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو 4 دسمبر کو بھارت میں ریلیز نہ کیا جائے۔ معاملے سے واقف افراد کے مطابق وزارت نے مئی 2025ء کی ایک ہدایت کا حوالہ دیا۔
یہ اقدام گزشتہ سال دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان مختصر فوجی تصادم کے بعد پاکستانی مواد پر عائد پابندیوں کا تسلسل ہے۔ بلومبرگ کے مطابق نیٹ فلکس نے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا، جبکہ وزارت نے بھی جمعے کو بھیجی گئی ای میل کا جواب نہیں دیا۔
یہ سیریز عالمی سطح پر ’آل دی لو آور ہارٹس کیری‘ کے نام سے جانی جاتی ہے اور تین نسلوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے باہمی رشتوں کے گرد گھومتی ہے۔ کہانی میں ہارورڈ میں قانون کا طالب علم سکندر شامل ہے، جو اپنے مشکل ماضی سے نبرد آزما ہے، جبکہ لیزا ایک فنکارہ ہے جو اپنی زندگی کے مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔ دونوں کی ملاقات اٹلی میں ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے رواں ہفتے فن اور ثقافت کو ’ہتھیار‘ بنانے پر بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا: ’’کسی ملک کو کتنا غیر محفوظ ہونا چاہیے کہ وہ کرکٹ میچ کو سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈرامے کو قومی سلامتی کا مسئلہ سمجھنے لگے؟ کھلاڑیوں کو کھیلنے دیں، پانی کو بہنے دیں، فنکاروں کو تخلیق کرنے دیں اور ناظرین کو فیصلہ کرنے دیں کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘
یہ تنازع ظاہر کرتا ہے کہ سیاسی کشیدگی کس طرح تفریحی شعبے تک پھیل رہی ہے اور عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے سرحدوں سے ماورا نظام کو متاثر کر رہی ہے۔ پاکستانی ڈرامے اور اداکار طویل عرصے سے بھارتی ناظرین میں مقبول رہے ہیں۔ فواد خان اور ماہرہ خان دونوں بالی ووڈ فلموں میں بھی کام کر چکے ہیں، جس کے باعث مقبول ثقافت ان چند شعبوں میں شامل رہی ہے جہاں دونوں جنوبی ایشیائی ممالک کے تعلقات کے باوجود روابط برقرار رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے سینما گھروں میں 2019ء سے بھارتی فلمیں نمائش کے لیے پیش نہیں کی گئیں، تاہم وہ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔ مثال کے طور پر بالی ووڈ کی جاسوسی پر مبنی فلم ’دھُرندھر‘ اس سال اسٹریمنگ پر ریلیز ہونے کے بعد پاکستان میں نیٹ فلکس کی مقبول ترین فلم بن گئی، حالانکہ اسے ملک کے سینما گھروں میں نہیں دکھایا گیا۔
پاکستان کے لیے یہ معاملہ محض ایک ٹی وی سیریز تک محدود نہیں۔ ملک کی ٹیلی ویژن انڈسٹری کو جنوبی ایشیا، خلیجی ممالک اور مغربی دنیا میں مقیم پاکستانیوں سمیت بیرون ملک ناظرین کی بڑی تعداد دیکھتی ہے، تاہم پاکستان جنوبی کوریا اور بھارت کی طرح عالمی تفریحی صنعت قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
ڈور وے انٹرٹینمنٹ کے پروڈیوسر اور چیف ایگزیکٹو احمر خان نے بلومبرگ کو بتایا کہ پاکستان کی 35 ڈراما سیریز یوٹیوب پر ایک ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھی جا چکی ہیں، جبکہ صرف ’تیرے بن‘ کے ناظرین کی تعداد پانچ ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔
احمر خان نے کہا کہ ’’یہ ناظرین حقیقی ہیں اور پوری دنیا میں موجود ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مواد اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو نسبتاً کم لاگت میں ایسے ناظرین تک رسائی کا موقع فراہم کرتا ہے جو پہلے ہی آن لائن پاکستانی ڈرامے دیکھ رہے ہیں۔
ڈرامے کی ہدایت کار اور پروڈیوسر مومنہ درید نے کہا، ’’اگر یہ منصوبہ پاکستان کے دیگر کہانی کاروں کے لیے بھی اپنی تخلیقات عالمی سطح تک پہنچانے کی راہ ہموار کرسکا تو یہ سب کوششیں قابلِ قدر ہوں گی۔‘‘ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستانی کہانیاں دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچ سکتی ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments