ایس ایم ڈبلیو 5 کیبل بحال، پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز معمول پر آگئیں، پی ٹی اے
- بحالی ٹی ڈبلیو اے اور بین الاقوامی ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم کے درمیان فوری رابطہ کاری کے نتیجے میں ممکن ہوئی
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ہفتے کو بتایا کہ بین الاقوامی آبدوز کیبل سسٹم سی-می-وی 5 (SMW5) کی بحالی کے بعد ملک میں انٹرنیٹ سروسز معمول پر آگئی ہیں۔
اتھارٹی نے کہا کہ خرابی دور کیے جانے کے بعد بین الاقوامی آبدوز کیبل سسٹم سی-می-وی 5 (SMW5) کی کامیاب بحالی کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ کیبل اب مکمل طور پر فعال ہے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کی استعداد کے مطابق بحال ہوگئی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ بحالی ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) اور بین الاقوامی ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم کے درمیان فوری رابطہ کاری کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔
اتھارٹی نے بتایا کہ تکنیکی ٹیموں نے خرابی دور کرنے اور رابطہ بحال کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کیا۔
دریں اثنا تعطل کے دوران متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک کی عارضی منتقلی سے سروس میں رکاوٹوں کو کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔
چند روز قبل پی ٹی اے نے خبردار کیا تھا کہ ایس ایم ڈبلیو 5 کیبل سسٹم میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور خرابی پیدا ہونے کے باعث انٹرنیٹ صارفین کو وقفے وقفے سے کنکٹویٹی کے مسائل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس وقت ریگولیٹری اتھارٹی نے بتایا تھا کہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) خرابی کی وجہ معلوم کرنے اور کیبل کی بحالی کے متوقع وقت کا تعین کرنے کے لیے ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم کے ساتھ رابطے میں ہے۔ دریں اثنا سروس میں رکاوٹوں کو کم سے کم رکھنے اور انٹرنیٹ کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس پر منتقل کر دیا گیا تھا۔


Comments