تیسرا ٹی ٹوئنٹی، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے دی
- پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو ایک کی برتری حاصل
انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔
برسبین میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت 92 رنز کا ہدف ملا جسے مہمان ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جارڈن کاکس نے 14 گیندوں پر ناقابلِ شکست 33 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جبکہ اوپنر اینیورین ڈونلڈ نے 13 گیندوں پر 32 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
اس سے قبل انگلینڈ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے میزبان آسٹریلوی ٹیم 16 اعشاریہ 5 اوورز میں صرف 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی جو ہوم گراؤنڈ پر اس کا کم ترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکور ہے۔
انگلینڈ کی کامیابی کے ہیرو جیمی اوورٹن رہے، جنہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 12 رنز دے کر پانچ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پانچ وکٹیں لینے والے دوسرے انگلش بولر بھی بن گئے۔


Comments