اسماعیل انڈسٹریز نے حب میں منصوبے کے ذریعے شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت 18 میگاواٹ تک بڑھا دی
- کمپنی جون 2027 تک شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت میں مزید 4 میگاواٹ اضافے کا منصوبہ رکھتی ہے
پاکستانی کمپنی اسماعیل انڈسٹریز لمیٹڈ حب میں اپنے پیداواری مرکز پر 5.6 میگاواٹ کا سولر پارک قائم کر رہی ہے، جسے 10 میگاواٹ آور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔
اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنی نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ارسال کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کمپنی کے مطابق اس منصوبے میں سنگرو کی جدید لیکوئڈ کولڈ بیٹری انرجی اسٹوریج ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس کی توانائی ذخیرہ کرنے اور دوبارہ فراہم کرنے کی مجموعی کارکردگی 92 فیصد تک ہے۔ یہ نظام انتہائی زیادہ درجہ حرارت میں بھی قابل اعتماد طریقے سے کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
منصوبے میں جدید مائیکرو گرڈ کنٹرول سسٹم بھی شامل ہوگا، جو شمسی توانائی کی پیداوار، بیٹری میں توانائی ذخیرہ کرنے اور توانائی کے دیگر ذاتی ذرائع کے درمیان رابطہ برقرار رکھے گا، تاکہ کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو مزید قابل اعتماد بنایا جاسکے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد اس کی سالانہ شمسی بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور قابل تجدید توانائی کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریباً 18 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی، جس سے فوسل فیول پر انحصار مزید کم ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ جون 2027 تک شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت میں مزید 4 میگاواٹ اضافے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ اس منصوبے کو کمپنی نے کاربن کے اخراج میں کمی کی جانب اپنے سفر کا اہم حصہ قرار دیا ہے۔
پاکستان میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے، پیداواری کارکردگی بہتر بنانے اور ماحولیاتی تحفظ میں کردار ادا کرنے کے لیے متعدد کمپنیاں شمسی توانائی کا استعمال بڑھا رہی ہیں۔
پینتھر ٹائرز لمیٹڈ نے اپنی پیداواری فیکٹری میں 2.5 میگاواٹ کا سولر پاور سسٹم نصب کرکے فعال کردیا ہے، جبکہ دیوان سیمنٹ لمیٹڈ نے بھی کراچی میں اپنے پیداواری یونٹ میں 6 میگاواٹ کا سولر پاور سسٹم شروع کیا ہے۔
اسماعیل انڈسٹریز چینی، مٹھائی و ٹافیاں، بسکٹ، آلو کے چپس، کاسٹ پولی پروپیلین (سی پی پی) اور بائی ایکسیلی اورینٹڈ پولی ایتھیلین ٹیرفتھالیٹ (بوپیٹ) فلم کی تیاری اور تجارت کے کاروبار سے وابستہ ہے۔
کمپنی کی مصنوعات کینڈی لینڈ، بسکونی، سنیک سٹی اور آسٹرو فلمز کے ناموں سے فروخت کی جاتی ہیں۔


Comments