ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.42 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپیہ مزید تگڑا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.42 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعرات کو مقامی کرنسی 276.45 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی کرنسی مارکیٹ میں جمعہ کو امریکی ڈالر 22 ماہ کی بلند ترین سطح سے نیچے مستحکم رہا جبکہ امریکی تعطیلات کے باعث محدود کاروبار کے دوران سرمایہ کار مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق اسٹاکس میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کا جائزہ لیتے رہے۔
ڈالر انڈیکس 103.81 پر مستحکم رہا۔ انڈیکس پیر کو 104.53 تک پہنچ گیا تھا جو مارچ 2025 کے بعد بلند ترین سطح تھی، تاہم اگلے روز یہ اضافہ ختم ہوگیا۔ رواں ہفتے انڈیکس مجموعی طور پر تقریباً مستحکم رہا۔
جمعہ کو ایشیائی کاروبار کے دوران ڈالر جاپانی ین کے مقابلے میں 0.1 فیصد اضافے سے 159.355 ین ہوگیا جبکہ سوئس فرانک کے مقابلے میں بھی معمولی مضبوطی دیکھی گئی۔
یورو 1.0964 ڈالر پر تقریباً مستحکم رہا، جبکہ برطانوی پاؤنڈ معمولی کمی کے بعد 1.3099 ڈالر پر آگیا۔ آسٹریلوی ڈالر بھی کمزور ہوکر 0.6631 ڈالر پر آگیا، جو بدھ کو ایک سال کی کم ترین سطح 0.6559 ڈالر تک گر گیا تھا۔
ڈالر انڈیکس 2026 کے دوران اب تک تقریباً 5.7 فیصد بڑھ چکا ہے، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق تیزی سے اضافے کے بعد مزید بڑھنے کی گنجائش محدود ہوسکتی ہے۔


Comments