پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان سستے مکانات، سرکاری و نجی شراکت داری اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر تبادلہ خیال
- عماد این فاخوری کا حکومتی تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ترجیحات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
پاکستان اور عالمی بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے درمیان ہاؤسنگ فنانس، سرکاری و نجی شراکت داری، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور آئی ایف سی کے مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے علاقائی نائب صدر عماد این فاخوری کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی، جس میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں احد خان چیمہ نے پاکستان میں آئی ایف سی کے منصوبوں کے دائرہ کار میں نمایاں توسیع اور حکومت کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے کی غرض سے اس تعاون کو مزید آگے بڑھانا اہم ہے۔
مذاکرات میں ہاؤسنگ فنانس، سرکاری و نجی شراکت داری، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری، زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ایز) کے لیے مالی وسائل تک رسائی سمیت اہم شعبوں پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے طویل مدتی ہاؤسنگ فنانس کے نظام کو مضبوط بنانے، سستے مکانات تک رسائی بڑھانے اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ ڈویلپرز کو مالی سہولتیں فراہم کرنے میں آئی ایف سی کے تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔
احد خان چیمہ نے قابلِ عمل وفاقی سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبوں کی فہرست تیار کرنے اور متعلقہ ضابطہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کے ساتھ آئی ایف سی کے تعاون کو بھی سراہا۔
ملاقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل اور نجکاری کے بعد کے انتظامات میں آئی ایف سی کی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
زراعت کے شعبے میں جدید ذخیرہ گاہوں، ویلیو چین فنانسنگ اور الیکٹرانک گودام رسیدوں کے نظام کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا، جس کا مقصد کسانوں کی مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانا ہے۔ وفاقی وزیر نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی سہولتوں میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا، تاکہ کاروبار کو عملی فوائد حاصل ہوں اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
اس موقع پر عماد این فاخوری نے حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ترجیحات کی حمایت جاری رکھنے کے لیے آئی ایف سی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو ہاؤسنگ فنانس، سرکاری و نجی شراکت داری، ڈسکوز، زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی مالی معاونت سے متعلق جاری اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ایف سی ان شعبوں میں پیش رفت کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔


Comments