اردوان نے مکہ دفاعی معاہدے کی توثیق مکمل کرلی
- تینوں ممالک نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحانہ جنگ کے حوالے سے خدشات میں اضافے کے دوران اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے
صدر طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ سرکاری گزٹ کے مطابق اس منظوری کے بعد ترکیہ کی جانب سے معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے، جس کی پارلیمنٹ نے رواں ماہ کے اوائل میں منظوری دی تھی۔
تینوں ممالک نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحانہ جنگ کے حوالے سے خدشات میں اضافے کے دوران اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے حکام جمعہ اور ہفتے کو اسلام آباد میں اجلاس بھی کریں گے۔
ترکیہ کی پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو اس معاہدے کی توثیق کی تھی، جس سے انقرہ کے لیے مملکت پر یمن کے حوثیوں کے حملوں کے تناظر میں ریاض کو فوجی معاونت فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔
معاہدے کے تحت کسی ایک فریق پر حملہ تمام فریقوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
حکمران جماعت کے ایک رکنِ پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھا کہ ترکیہ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب میں فوجی اہلکار تعینات کرنے کی اجازت دینے کے لیے ایک قرارداد بھی پارلیمنٹ میں پیش کرے گا۔
ترکیہ کے پاس نیٹو کی دوسری بڑی فوج ہے۔
سعودی عرب میں اسلام کے مقدس ترین مقامات واقع ہیں اور یہ دنیا کے بڑے تیل برآمد کرنے والے ممالک میں بھی شامل ہے، جبکہ پاکستان واحد مسلم ملک ہے جو جوہری ہتھیار رکھتا ہے۔


Comments