کیا کاربن مارکیٹس پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل فراہم کرسکتی ہیں؟
- ”کاربن مارکیٹس مکمل حل نہیں، تاہم پاکستان کے موسمیاتی فنانس کے ذرائع میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں“
پاکستان عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں بہت کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید خطرات سے دوچار ممالک میں شامل ہے۔ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، بار بار آنے والے سیلاب، بارشوں کے بدلتے انداز اور گلیشیئرز کا پگھلنا انسانی زندگی، روزگار اور معاشی ترقی کے لیے مسلسل خطرات پیدا کررہے ہیں۔
یہ چیلنج اس وقت مالی مسئلہ بن جاتا ہے جب غیر معمولی بارشیں سڑکوں کو نقصان پہنچاتی ہیں، فصلیں تباہ ہوجاتی ہیں اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے انتظامات ناکام ہونے کے نتیجے میں پوری سپلائی چین متاثر ہوتی ہے۔ بار بار نقصانات کے بعد بحالی پر رقم خرچ کرنے کے بجائے پاکستان کو موسمیاتی آفات آنے سے پہلے ان کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
صرف سرکاری بجٹ کے ذریعے ان سرمایہ کاری ضروریات کو پورا کرنا مشکل ہوگا۔ پاکستان کو اس لیے مختلف ذرائع سے مالی وسائل حاصل کرنے کی ضرورت ہے، جن میں بین الاقوامی موسمیاتی فنانس، رعایتی قرضے، مختلف ذرائع سے سرمایہ یکجا کرنے کے مالیاتی طریقے اور نجی شعبے کی شمولیت شامل ہیں۔ کاربن مارکیٹس بھی اضافی مالی وسائل متحرک کرنے کا ایک ذریعہ بن سکتی ہیں۔
اگر کاربن کریڈٹ منصوبوں کو مؤثر انداز میں ترتیب دیا جائے تو ان سے حاصل ہونے والی آمدنی روزگار، ماحولیاتی نظام کی بحالی، زراعت اور دیگر ایسے شعبوں میں استعمال کی جاسکتی ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے ساتھ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی بھی لاتے ہیں۔
کاربن کریڈٹ ایک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی گیسوں کے اخراج میں کمی، ان کے ماحول سے خاتمے یا اخراج سے بچاؤ کی نمائندگی کرتا ہے۔ شجرکاری، جنگلات کی بحالی، زرعی جنگلات، قابل تجدید توانائی اور میتھین گیس جمع کرنے جیسے منصوبے مقررہ معیار پر پورا اترنے اور آزادانہ تصدیق کے بعد کاربن کریڈٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ کریڈٹ بعدازاں حکومتیں یا کمپنیاں اپنے موسمیاتی اہداف پورے کرنے کے لیے خرید سکتی ہیں، جس سے منصوبے شروع کرنے والوں کو آمدنی حاصل ہوتی ہے۔
وقت کے ساتھ کاربن مارکیٹس کا دائرہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں سے آگے بڑھ کر ایسے اقدامات تک پھیل گیا ہے جو ماحولیاتی تحفظ اور سماجی فوائد کے حوالے سے قابلِ اعتبار نتائج فراہم کرتے ہیں۔ اب ایسے منصوبوں پر بھی توجہ دی جارہی ہے جو حیاتیاتی تنوع، مقامی آبادی کے روزگار اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ایشیا کے مختلف ممالک کاربن مارکیٹس کے لیے مختلف طریقے آزما رہے ہیں، جن میں ملکی سطح پر اخراج کی تجارت کے نظام، رضاکارانہ کاربن مارکیٹس اور پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت بین الاقوامی تعاون شامل ہیں۔
یہ پیش رفت پاکستان جیسے ممالک کے لیے نئے مواقع پیدا کرتی ہے، خصوصاً قدرتی ماحول پر مبنی منصوبوں، زمین کے پائیدار انتظام اور توانائی کی بچت کے اقدامات میں۔
پاکستان تقریباً دو دہائیوں سے بین الاقوامی کاربن مارکیٹس میں حصہ لے رہا ہے۔ 2006 سے پاکستانی منصوبے کلین ڈیولپمنٹ میکانزم، ویرا اور گولڈ اسٹینڈرڈ جیسے نظاموں کے تحت رجسٹرڈ ہوتے رہے ہیں۔ تاہم ملک میں کاربن کریڈٹس کی منظوری اور ان کی منتقلی کے لیے باقاعدہ ضابطہ موجود نہیں تھا۔
2024 میں پاکستان پالیسی گائیڈ لائنز فار ٹریڈنگ ان کاربن مارکیٹس جاری کیے جانے سے اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی، جس کے ذریعے کاربن کریڈٹس کی پیداوار، منظوری اور تجارت کے لیے قومی فریم ورک قائم کیا گیا۔ پالیسی کا بنیادی ڈھانچہ سامنے آنے کے بعد اب توجہ ایسے منصوبوں پر مرکوز ہورہی ہے جو کاربن فنانس حاصل کرسکیں۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ مواقع شجرکاری اور جنگلات کی بحالی، زرعی جنگلات، ماحول دوست زراعت اور میتھین گیس جمع کرنے کے منصوبوں میں نظر آتے ہیں، جو موسمیاتی تحفظ کے ساتھ ترقیاتی فوائد بھی فراہم کرسکتے ہیں۔
کئی منصوبے پہلے ہی اس صلاحیت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ڈیلٹا بلیو کاربن پاکستان کے نمایاں بلیو کاربن منصوبوں میں شامل ہے، جس کا مقصد مینگرووز کے تحفظ اور بحالی کے ذریعے رضاکارانہ کاربن مارکیٹس سے کاربن کریڈٹس حاصل کرنا ہے۔ پاکستان نے ناروے کے ساتھ آرٹیکل 6.2 کے تحت معاہدہ بھی کیا ہے، جس سے بین الاقوامی سطح پر کاربن کریڈٹس کے لین دین کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
منصوبوں کی تیاری کا سلسلہ بھی آگے بڑھ رہا ہے۔ نئے اقدامات میں پانی صاف کرنے کے نظام اور لینڈ فلز سے خارج ہونے والی گیسوں کے انتظام میں سرمایہ کاری شامل ہے، جن کے تحت سیکڑوں فلٹریشن یونٹس لگانے اور کاربن کریڈٹس حاصل کرنے کے منصوبے ہیں۔ اسی طرح نجی شعبے کے اقدامات، مثلاً ساواک (SAVAK) کا زرعی جنگلات کا پلیٹ فارم، زرعی برادریوں کی معاونت کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر موسمیاتی فنانس متحرک کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
اگرچہ یہ اقدامات امکانات ظاہر کرتے ہیں، لیکن ان کے نتائج کا انحصار عملی نفاذ، تصدیق اور کاربن کریڈٹس کے اجرا پر ہوگا۔
ان پیش رفتوں کے باوجود اصل چیلنج ان امکانات کو قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔ نجی شعبے سے موسمیاتی سرمایہ کاری اب بھی محدود ہے، جبکہ معاشی عدم استحکام اور کرنسی کے خطرات سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ منصوبے شروع کرنے والے اس وقت بڑی ابتدائی سرمایہ کاری کرنے سے ہچکچاتے ہیں جب منظوری کے وقت، اجازت ناموں کے طریقہ کار اور مستقبل میں کاربن کریڈٹس کی طلب کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال موجود ہو۔
ضابطوں اور ادارہ جاتی نظام سے متعلق مسائل بھی اس غیر یقینی کو بڑھاتے ہیں۔ ذمہ داریاں وفاقی اور صوبائی اداروں میں تقسیم ہونے کے باعث منظوریوں اور قانونی تقاضوں کے حوالے سے ابہام پیدا ہوتا ہے۔ تمام منظوریوں کے لیے ایک ہی مرکز پر سہولت دستیاب نہ ہونے سے انتظامی اخراجات اور تاخیر بڑھ سکتی ہے۔ سرمایہ کار اس دوران ضابطوں اور عملی طریقہ کار کی صورت حال پر نظر رکھتے ہیں۔
جہاں ضابطہ جاتی انتظامات ابھی تشکیل دیے جارہے ہوں یا مشاورت کے مرحلے میں ہوں، وہاں سرمایہ کاری کے فیصلے مؤخر ہوسکتے ہیں۔
مالی وسائل کی کمی ایک اور چیلنج ہے۔ کاربن کریڈٹ منصوبوں کے لیے آمدنی حاصل ہونے سے پہلے خاصی سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے۔ منصوبے شروع کرنے والوں کو منصوبہ بندی، توثیق، رجسٹریشن، نگرانی اور تصدیق کے اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں، جبکہ کاربن کریڈٹس سے آمدنی کئی برس بعد حاصل ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ اس صورت حال میں چھوٹے منصوبوں کے لیے مالی طور پر قابلِ عمل رہنا مشکل ہوسکتا ہے۔
کاربن مارکیٹس اکیلے پاکستان کے موسمیاتی تحفظ کے منصوبوں کے لیے درکار مالی وسائل فراہم نہیں کرسکتیں، اور نہ ہی انہیں سرکاری سرمایہ کاری، بین الاقوامی موسمیاتی فنانس یا ترقیاتی معاونت کا متبادل سمجھنا چاہیے۔ تاہم بہتر حکمرانی کے ذریعے نجی سرمایہ کاری کو زراعت، جنگلات، قابل تجدید توانائی اور صنعتوں میں کاربن کے اخراج میں کمی جیسے شعبوں کی طرف راغب کیا جاسکتا ہے۔
اگر قابلِ اعتماد اداروں اور مضبوط حفاظتی انتظامات کی مدد سے کاربن فنانس کو فروغ دیا جائے تو یہ دیہی روزگار بہتر بنانے، ماحولیاتی نظام بحال کرنے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور ایسی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے جو بصورت دیگر ممکن نہ ہوتی۔ اس لحاظ سے کاربن مارکیٹس مکمل حل تو نہیں، لیکن پاکستان کے موسمیاتی فنانس کے ذرائع میں ایک اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔


Comments