روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف نسل کشی کا ذمہ دار میانمار کو قرار دینے سے متعلق عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) کا تاریخی فیصلہ بین الاقوامی انصاف اور انسانی وقار کی سربلندی کی جانب ایک اہم سنگِ میل اور بڑی کامیابی ہے۔
2017 میں میانمار کی فوجی کارروائیوں کے سات سال بعد، گیمبیا کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں آنے والے اس فیصلے نے بالآخر ایک مظلوم برادری کے مصائب کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا ہے جس کی انصاف کے لیے فریاد اکثر اَن سنی کردی گئی۔ اس فیصلے کی خاص اہمیت یہ ہے کہ عدالت نے قرار دیا کہ منظم قتلِ عام، بڑے پیمانے پر جنسی تشدد اور دیگر مظالم نسل کشی کی نیت سے کیے گئے تھے۔
یہ فیصلہ ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ کوئی بھی ریاست، خواہ کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، بین الاقوامی قانون کی سنگین ترین خلاف ورزیوں پر جواب دہی سے بچ نہیں سکتی۔
تاہم عدالتی فیصلہ خواہ کتنا ہی تاریخی کیوں نہ ہو، محض اس کے ذریعے متاثرین کی زندگیاں، گھر اور وقار بحال نہیں کیے جاسکتے۔
اب سب سے بڑا چیلنج اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
چونکہ عالمی عدالتِ انصاف کے پاس اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے کا کوئی خودمختار نظام موجود نہیں، اس لیے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور بااثر عالمی طاقتوں کو میانمار پر عدالتی احکامات کی تعمیل کے لیے مشترکہ دباؤ ڈالنا ہوگا۔ اس تاریخی فیصلے کو محض ایک ایسے علامتی اعلان تک محدود نہیں رہنا چاہیے جو اخبارات کی سرخیوں کا حصہ تو بنے لیکن متاثرین کو عملی طور پر کوئی خاطر خواہ ریلیف فراہم نہ کرسکے۔
فوری ترجیح بنگلہ دیش میں مقیم 10 لاکھ سے زائد روہنگیا پناہ گزینوں کی محفوظ، رضاکارانہ اور باعزت وطن واپسی ہونی چاہیے، خصوصاً کاکس بازار کے گنجان آباد اور گنجائش سے زیادہ بھرے ہوئے پناہ گزین کیمپوں میں رہنے والوں کی۔
ان کی واپسی کے عمل کو سلامتی، شہریت کے حقوق، نقل و حرکت کی آزادی اور دوبارہ ظلم و ستم سے تحفظ کی قابلِ اعتماد بین الاقوامی ضمانتوں کی حمایت حاصل ہونی چاہیے۔
ادارہ جاتی امتیازی سلوک کے خاتمے اور ان حالات کے تدارک کے بغیر جنہوں نے انہیں ابتدائی طور پر نقل مکانی پر مجبور کیا، وطن واپسی کا عمل انہیں ایک بار پھر انہی خطرات سے دوچار کرنے کے مترادف ہوگا۔
اسی طرح معاوضے کی ادائیگی اور بحالی بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ عالمی عدالتِ انصاف کے احکامات کے مطابق میانمار کو روہنگیا عوام پر ڈھائے گئے مظالم، دیہات کی تباہی، املاک کے نقصان، فزیکل و نفسیاتی صدمات اور دیگر شدید مصائب کے ازالے کے لیے مالی طور پر جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔بین الاقوامی نگرانی میں ایک ایسا نظام قائم کیا جانا چاہیے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ معاوضے کی رقوم متاثرین تک پہنچیں اور ان کی تباہ حال زندگیوں کی بحالی میں مددگار ثابت ہوں۔
اس فیصلے کی اہمیت میانمار سے کہیں بڑھ کر ہے۔ عالمی برادری 1948 کے نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا سے متعلق کنونشن کے تحت جنوبی افریقا کی جانب سے اسرائیل کیخلاف دائر کردہ مقدمے میں عالمی عدالتِ انصاف کے حتمی فیصلے کی بھی منتظر ہے۔ یہ مقدمہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں سے متعلق ہے۔اگرچہ دونوں مقدمات کا جائزہ ان کے اپنے شواہد اور قانونی پہلوؤں کی بنیاد پر الگ الگ لیا جانا چاہیے، تاہم ان کے پس منظر میں کارفرما بنیادی اصول آفاقی ہے کہ شہری آبادیوں کو نسل کشی، اجتماعی سزا اور جبری بے دخلی سے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔بین الاقوامی قانون کا اطلاق یکساں طور پر ہونا چاہیے، قطع نظر اس کے کہ متعلقہ ریاست کی شناخت کیا ہے، اس کی فوجی طاقت کتنی ہے یا اسے کن سیاسی اتحادوں کی حمایت حاصل ہے۔
اگر طاقتور ریاستیں اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلوں کو کسی مؤثر نتائج کا سامنا کیے بغیر نظرانداز کرسکتی ہیں تو بین الاقوامی انصاف کا تصور بے معنی ہو کر رہ جاتا ہے۔ عالمی عدالتِ انصاف نے جواب دہی یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے، اب عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ اس تاریخی فیصلے کو عملی اقدامات میں تبدیل کرے۔
روہنگیا عوام محض ہمدردی اور قانونی سطح پر اپنے مصائب کے اعتراف سے بڑھ کر انصاف کے مستحق ہیں۔ انہیں مناسب معاوضہ، شہریت، تحفظ اور اپنے آبائی گھروں کو باعزت طریقے سے غیر مشروط واپسی کا حق ملنا چاہیے۔دنیا کو یقینی بنانا ہوگا کہ یہ فیصلہ روہنگیا عوام کی جدوجہدِ انصاف میں ایک نئے موڑ کی حیثیت اختیار کرے، نہ کہ ایک اور ضائع شدہ موقع بن کر رہ جائے۔ نسل کشی کے واقعات کو دوبارہ کبھی جواب دہی کے بغیر نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments