جینسن ہوانگ کی واپسی، چینی جاسوسی کے الزامات پر امریکی حکام تقسیم
- امریکی انٹیلی جنس نے ایلس ہوانگ اور چینی جاسوس ادارے سے وابستہ افراد کے درمیان رابطوں سے متعلق معلومات جمع کی ہیں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار نہ دینے کے چند روز بعد، امریکی انٹیلی جنس اداروں میں ان کی مبینہ خاتون ساتھی کے چینی جاسوس ادارے سے تعلقات پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس، ایف بی آئی اور سی آئی اے کے اعلیٰ حکام حالیہ دنوں میں اس معاملے پر غور کر رہے ہیں کہ آیا ایلس ہوانگ، جو این ویڈیا کے ایک بڑے صارف ادارے کی سابق عہدیدار ہیں، چین کے وزارتِ ریاستی سلامتی کے لیے کام کر رہی تھیں یا اسے معلومات فراہم کرتی تھیں۔
امریکی انٹیلی جنس نے ایلس ہوانگ اور چینی جاسوس ادارے سے وابستہ افراد کے درمیان رابطوں سے متعلق معلومات جمع کی ہیں۔ تاہم ایف بی آئی کے حکام کا مؤقف ہے کہ دستیاب معلومات سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہ چینی انٹیلی جنس کی افسر یا باقاعدہ معاون تھیں۔
سی آئی اے کا مؤقف نسبتاً محتاط ہے۔ ادارے کے مطابق معلومات سے یہ واضح نہیں کہ ایلس ہوانگ کے پاس حساس قومی سلامتی کی معلومات تھیں یا انہوں نے یہ معلومات چین کو منتقل کیں، تاہم مزید شواہد سامنے آنے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر مارکو روبیو کی ایک خفیہ یادداشت میں ایلس ہوانگ کو چینی انٹیلی جنس کی جانب سے ممکنہ طور پر بھرتی کیے جانے کا ذکر تھا۔
جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی ہے، تاہم مبینہ تعلقات کی تفصیلات پر عوامی سطح پر بات نہیں کی۔ چین نے جاسوسی کے الزامات مسترد کردیے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق مختلف امریکی اداروں کے متضاد مؤقف اور انٹیلی جنس معلومات کی محدود شیئرنگ نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔


Comments