حوثیوں کی جدہ سمیت سعودی عرب کی بحیرۂ احمر کی دیگر بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی
- حوثیوں کے خلاف برسرِپیکار سعودی قیادت کے اتحاد کا حملے کا بھرپور جواب دینے کا عزم
یمن کے حوثیوں نے بدھ کو خبردار کیا کہ اگر سعودی عرب نے یمن کی بندرگاہ الحدیدہ پر حملے کی دھمکیوں پر عمل کیا تو سعودی بندرگاہ جدہ اور بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی تمام دیگر بندرگاہوں کو بھی نشانہ بنایا جائیگا۔
تازہ پیشرفت سے حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا کیونکہ دونوں جانب سے حملوں کا ہدف تیزی سے اہم تزویراتی تنصیبات بنتی جارہی ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق منگل کو حوثیوں کے ایک ڈرون نے ریاض کی بلند ترین عمارت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہوگئے۔
حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت کے اتحاد نے اس حملے کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
حوثی ترجمان یحییٰ سریع کی جانب سے جاری ایک بیان میں گروپ نے بندرگاہوں پر کام کرنے والے ملازمین اور کارکنوں کے علاوہ قریبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی جبکہ شپنگ کمپنیوں سے اپنے بحری جہاز واپس بلانے کا مطالبہ بھی کیا۔
حوثیوں کے بیان کے بعد سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے الحدیدہ میں آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا۔
بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع الحدیدہ یمن کی وہ مرکزی بندرگاہ ہے جہاں سے خوراک اور دیگر ضروری اشیا حوثیوں کے زیرِ کنٹرول شمالی یمن میں پہنچائی جاتی ہیں۔
یہ بندرگاہ طویل عرصے سے انسانی امداد اور تجارتی درآمدات کی ترسیل کا اہم راستہ رہی ہے جس کی وجہ سے یہ لاکھوں یمنیوں کیلئے زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا ذریعہ ہے۔ یمن ایسا ملک ہے جس کا انحصار خوراک کی درآمدات پر بہت زیادہ ہے۔


Comments