بھارتی کپتان شبمن گل کا کرکٹ میں گیند پر تھوک لگانے کی پابندی ختم کرنے کا مطالبہ
- پانچ روزہ مکمل کھیل کے دوران صرف 24 وکٹیں گریں جبکہ مجموعی طور پر 1,327 رنز بنائے گئے، بھارت نے ریکارڈ 9 وکٹوں پر 720 رنز اسکور کیے
بھارتی کپتان شبمن گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد کرکٹ بال کو چمکانے کے لیے تھوک استعمال کرنے پر عائد پابندی نرم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ویلنگٹن ٹیسٹ میں پانچ روز کے دوران صرف 24 وکٹیں گریں جبکہ 1327 رنز بنائے گئے۔ بھارت نے 9 وکٹوں پر 720 رنز کا ریکارڈ مجموعہ اسکور کیا، جو نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
شبمن گل کا کہنا تھا کہ گیند کو چمکانے اور اس کی حالت برقرار رکھنے کی اجازت نہ ہونے سے بولرز کے لیے مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ ان کے مطابق کووڈ وبا کے دوران تھوک استعمال کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی اور اب اسے ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے بھی تسلیم کیا کہ میچ کے دوران گیند جلد نرم ہوگئی، تاہم انہوں نے موجودہ قواعد میں تبدیلی کے حوالے سے غیر یقینی کا اظہار کیا۔
دونوں کپتانوں کے مطابق حالیہ برسوں میں گیند نسبتاً جلد نرم ہونے لگی ہے، جس سے سوئنگ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ گل نے ویلنگٹن کی پچ کو معیاری ٹیسٹ وکٹ قرار نہیں دیا، جبکہ لیتھم نے اسے بیسن ریزرو کی روایتی پچ سے مختلف قرار دیا۔


Comments