پاکستان 23 نومبر سے بین الاقوامی ایٹمی سلامتی اجلاس کی میزبانی کرے گا
- پاکستان نے اس سے قبل 2016 میں بھی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی تھی۔ اس وقت یہ اجلاس پہلی مرتبہ آئی اے ای اے کے ویانا میں واقع صدر دفتر سے باہر منعقد ہوا تھا
پاکستان 23 سے 26 نومبر 2026 تک اسلام آباد میں بین الاقوامی ایٹمی سلامتی تربیتی و معاونت مراکز کے نیٹ ورک (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ یہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے تعاون سے منعقد ہوگا۔
دفتر خارجہ نے اتوار کو بتایا کہ چار روزہ اجلاس میں آئی اے ای اے اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ایٹمی سلامتی کی تربیت اور معاونت کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور تجربات و مہارت کے تبادلے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان نے اس سے قبل 2016 میں بھی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی تھی۔ اس وقت یہ اجلاس پہلی مرتبہ آئی اے ای اے کے ویانا میں واقع صدر دفتر سے باہر منعقد ہوا تھا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کی میزبانی پاکستان کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ بین الاقوامی تعاون، معلومات کے تبادلے اور پائیدار صلاحیت سازی کے ذریعے ایٹمی سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
اجلاس میں ایٹمی سلامتی کے تربیتی و معاونت مراکز کی صلاحیتیں بہتر بنانے اور شریک ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کو آسان بنانے پر توجہ دی جائے گی۔


Comments