پرتگالی سرمایہ کار پاکستان میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، لاہور چیمبر
- پاکستان کی بڑی صارف منڈی اور صنعتی بنیاد اقتصادی شراکت داری کے لیے سازگار ہے
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر عثمان غنی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، خصوصاً موٹرسائیکلوں، رئیل اسٹیٹ، صحت، زیتون کی پیداوار، طبی آلات اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں۔
انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر میں پرتگال کے سات رکنی کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت گوہر رحمان کر رہے تھے۔
عثمان غنی نے کہا کہ پاکستان کی بڑی صارف منڈی، ترقی کرتی صنعتی بنیاد اور متنوع سرمایہ کاری کے مواقع دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدے پر مبنی اقتصادی شراکت داری کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
ان کے مطابق لاہور اپنے صنعتی و تجارتی ڈھانچے، تاریخی ورثے، مضبوط کاروباری برادری اور ملکی و علاقائی منڈیوں تک رسائی کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش شہر ہے۔ جدید رہائشی منصوبوں، تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، ہوٹلز، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں۔


Comments