لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج: او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور پارکو نے ایل پی جی نیلامی منسوخ کردی
- تینوں سرکاری اداروں کی لاہور ہائی کورٹ کے روبرو تصدیق
پاکستان ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن (پی ایل پی جی ایم اے) نے اعلان کیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) کی جانب سے شیڈول کردہ ایل پی جی کی نیلامیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ تینوں سرکاری اداروں نے 20 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ کے روبرو اس کی تصدیق کی۔
پی ایل پی جی ایم اے نے 2026 کی آئینی درخواست نمبر 45981 دائر کی تھی جس میں 26 جولائی 2026 کو شائع ہونے والے اشتہارات کے تحت جاری کردہ نیلامی کے نوٹسز اور بولیاں طلب کرنے کے دعوت ناموں کو چیلنج کیا گیا تھا۔
ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا کہ مجوزہ طریقہ کار ایل پی جی کے شعبے پر لاگو قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے منافی ہے جس کے تحت ایل پی جی پیدا کرنے والے اداروں کو اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد کسی بھی قسم کا پریمیم وصول کرنے کی اجازت نہیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور وفاقِ پاکستان، بذریعہ سیکریٹری وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن)، کو بالترتیب فریقِ اول اور فریقِ دوم نامزد کیا گیا تھا۔
7 اگست 2026 کو لاہور ہائی کورٹ نے نیلامی کا عمل معطل کر دیا تھا۔ گزشتہ روز مقدمے کی سماعت کے دوران او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور پارکو کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ نیلامی منسوخ کردی گئی ہے۔ درخواست میں مطلوبہ فوری ریلیف ملنے کے بعد پی ایل پی جی ایم اے کے وکیل نے درخواست واپس لینے پر رضامندی ظاہر کی جس پر عدالت نے درخواست واپس لیے جانے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
پی ایل پی جی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ یہ پیشرفت اس امر کی توثیق کرتی ہے کہ ایل پی جی کے شعبے سے متعلق فیصلے طے شدہ قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے مطابق ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن عدالت اور اپنے وکلا کی شکر گزار ہے۔ ایسوسی ایشن ایل پی جی مارکیٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور صارفین کے مفادات کا تحفظ جاری رکھے گی اور شعبے کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام کے خلاف تمام قانونی چارہ جوئی کے ذرائع استعمال کرے گی۔
پی ایل پی جی ایم اے نے شفاف اور قواعد و ضوابط کے تحت ایل پی جی مارکیٹ کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا جہاں منصفانہ مسابقت کو یقینی بنانے کے ساتھ ملک بھر کے صارفین کو ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments