انتھروپک کی نیس ڈیک میں دھماکے دار انٹری، مارکیٹ ویلیو 2 ٹریلین ڈالر ہوگئی
- دنیا کی پہلی عوامی طور پر لسٹ ہونے والی جدید اے آئی کمپنی کے حصص کی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر کی گئی تھی، تاہم کاروبار کے آغاز پر یہ 111.50 ڈالر تک پہنچ گئی
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف کمپنی انتھروپک نے جمعرات کو امریکی اسٹاک مارکیٹ نیس ڈیک میں شاندار آغاز کیا، جہاں اس کی مارکیٹ ویلیو 2 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے بعد اس نے جون میں ہونے والی اسپیس ایکس کی بڑی لسٹنگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
دنیا کی پہلی عوامی طور پر لسٹ ہونے والی جدید اے آئی کمپنی کے حصص کی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر کی گئی تھی، تاہم کاروبار کے آغاز پر یہ 111.50 ڈالر تک پہنچ گئی، جو ابتدائی قیمت سے 34 فیصد زیادہ تھی۔ بعد ازاں حصص 108.72 ڈالر پر ٹریڈ ہوتے رہے۔
چیٹ بوٹ کلاڈ بنانے والی کمپنی کی کامیاب اسٹاک مارکیٹ انٹری اور اس سے قبل چپ ساز کمپنی این ویڈیا کے مضبوط مالی نتائج کو اے آئی انڈسٹری کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ ٹیکنالوجی کے شعبے میں مجموعی مندی کے باوجود انتھروپک کے حصص کی بھرپور طلب نے سرمایہ کاروں کی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
کمپنی نے 83 ڈالر فی شیئر کے حساب سے 98 کروڑ حصص فروخت کیے، جبکہ ابتدائی طور پر قیمت کی حد 70 سے 78 ڈالر مقرر کی گئی تھی۔ انڈر رائٹرز کی جانب سے اضافی حصص خریدنے کا اختیار مکمل استعمال کرنے کی صورت میں آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم 93.5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
نجی سرمایہ کاری کے ذریعے مزید 26 ارب ڈالر بھی حاصل کیے گئے، جس میں گوگل، مائیکروسافٹ، این ویڈیا، اے ایم ڈی، براڈکام، مائکرون اور ٹی ایس ایم سی سمیت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی۔
انتھروپک کی یہ لسٹنگ اسے مائیکروسافٹ، ایپل اور این ویڈیا جیسی کھربوں ڈالر مالیت کی کمپنیوں کی صف میں شامل کرتی ہے۔ اس کے حریف ادارے اوپن اے آئی کی جانب سے بھی 2027 میں اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ پر غور کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
رائٹرز کے مطابق کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو اموڈی اور ان کے 6 شریک بانیوں کے پاس مجموعی طور پر تقریباً 10 فیصد حصص ہیں، جن کی مالیت آئی پی او کی قیمت کے مطابق تقریباً 150 ارب ڈالر بنتی ہے۔
تاہم سرمایہ کاروں میں اے آئی انڈسٹری کے مستقبل اور اس پر ہونے والے بھاری اخراجات کے منافع بخش ہونے سے متعلق خدشات بھی موجود ہیں۔ کمپنی نے ایمیزون اور گوگل سمیت شراکت داروں کے ساتھ کمپیوٹنگ صلاحیت کے حصول کے لیے تقریباً 900 ارب ڈالر کی مالی ذمہ داریاں بھی ظاہر کی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق انتھروپک کے حصص کی آئندہ کارکردگی پوری اے آئی انڈسٹری میں سرمایہ کاروں کے رجحان کا اہم پیمانہ بن سکتی ہے۔ دوسری جانب کمپنی نے اپنے آئی پی او دستاویزات میں خبردار کیا ہے کہ جدید اے آئی ماڈلز غیر متوقع رویہ اختیار کرسکتے ہیں اور ان کی ترقی نگرانی کے نظام سے زیادہ تیز ہوسکتی ہے۔


Comments