حوثیوں کا ریاض پر میزائل حملہ، ملبہ گرنے سے نقصان
- یہ کشیدگی گزشتہ ماہ حوثیوں کی جانب سے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں اہم مقامات پر قبضے کے بعد بڑھ گئی ہے
سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے جمعرات کو بتایا کہ اس نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے دارالحکومت ریاض کی طرف داغے گئے میزائل کا خطرہ ناکام بنا دیا، تاہم حملے کے نتیجے میں ملبہ گرنے سے مادی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
اتحاد کے مطابق ابتدائی جائزے میں میزائل کا ملبہ گرنے اور املاک کو نقصان پہنچنے کی نشاندہی ہوئی ہے، تاہم نقصان کی مکمل تفصیلات کا تعین کیا جارہا ہے۔ اتحاد نے یہ بھی کہا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا کروز میزائل بھی روک کر تباہ کردیا گیا۔
حوثیوں کے زیرانتظام خبر رساں ادارے سبا کے مطابق سعودی طیاروں نے جمعرات کی صبح یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی اہداف پر فضائی حملے کیے۔ سعودی حکام یا حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر ان واقعات کی تصدیق نہیں کی گئی۔
یہ کشیدگی گزشتہ ماہ حوثیوں کی جانب سے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں اہم مقامات پر قبضے کے بعد بڑھ گئی ہے۔ حوثی باب المندب آبنائے کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں، جو عالمی بحری تجارت اور خلیجی تیل پیدا کرنے والے ممالک کے لیے اہم گزرگاہ ہے۔
دونوں فریقوں کے درمیان تازہ لڑائی نے 2022 میں اقوام متحدہ کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کو ختم کردیا ہے۔ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی وسیع تر جنگ کے دوران حوثیوں نے سعودی ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل تنصیبات پر حملے تیز کردیے ہیں، جبکہ سعودی عرب نے جوابی فضائی کارروائیاں کی ہیں۔ ریاض بھی متعدد بار حملوں کا نشانہ بن چکا ہے، جبکہ سعودی آرامکو کی ایک عمارت کو بھی میزائل حملے کے ملبے سے نقصان پہنچا تھا۔


Comments