فلور ملز ایسوسی ایشن کا حکومت سے معیاری گندم کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ
- گندم کے ذخائر کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے، عاصم رضا احمد
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب برانچ) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فلور ملوں کو معیاری اور صاف گندم کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کی جانب سے غیر معیاری گندم کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہا تو فلور ملز بھرپور احتجاج کریں گی۔
یہ مطالبہ آواز گروپ کے گروپ لیڈر اور پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عاصم رضا احمد نے پی ایف ایم اے پنجاب کے چیئرمین میاں شاہد اسحاق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عاصم رضا احمد نے دعویٰ کیا کہ پاسکو کے گوداموں میں موجود گندم کا ذخیرہ تین سے چار سال پرانا ہے جو طویل عرصے تک ذخیرہ کیے جانے اور موسمی اثرات کے باعث نمی، پھپھوندی اور خراب ہونے جیسے مسائل کا شکار ہو چکا ہے جس کے باعث یہ گندم انسانی استعمال کے قابل نہیں رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں گندم کے ذخائر کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے کیونکہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی دستیابی مسلسل کم ہورہی ہے جبکہ اس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
ان کے مطابق پنجاب حکومت کے پاس اس وقت تقریباً 10 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں جن میں پاسکو، نجی شعبے کے پاس موجود اور غیر معیاری گندم کے ذخائر بھی شامل ہیں۔ گندم کی نئی فصل کی آمد میں تقریباً 125 روز باقی ہیں، اس حساب سے دستیاب ذخائر روزانہ اوسطاً تقریباً 8,070 میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کے مساوی ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ماضی میں نومبر، دسمبر اور جنوری کے دوران گندم کی یومیہ کھپت 15 ہزار سے 25 ہزار ٹن کے درمیان رہی ہے، کیونکہ اس عرصے میں شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں آٹے کی طلب بڑھ جاتی ہے۔
تاہم، پنجاب محکمہ خوراک اس وقت صوبے بھر کی فلور ملوں کو روزانہ صرف 5,600 ٹن گندم فراہم کررہا ہے جبکہ اس سے قبل یہ فراہمی 3,500 ٹن یومیہ تھی۔ ان کے مطابق یہ مقدار مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
انہوں نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ ممکنہ بحران سے بچنے اور نئی فصل کی آمد تک مارکیٹ کی طلب پوری کرنے کے لیے فوری طور پر کم از کم 20 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے اسٹریٹجک ذخائر یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے صوبے بھر کی تمام فلور ملوں میں گندم کی منصفانہ تقسیم اور غیر معیاری گندم کے ذخائر کی فراہمی فوری طور پر بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ فلور ملوں کو گندم کی فراہمی معطل کیے جانے سے مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔


Comments