حکومت نے تھر کے کوئلے کی کان کنی کے عمل کو بجلی سے چلانے کا منصوبہ شروع کردیا
- تھر کول منصوبے کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے کے اقدام سے سالانہ 3 کروڑ ڈالر تک کی بچت متوقع
حکومت نے تھر میں کوئلے کی کان کنی کے عمل کو ڈیزل سے قومی بجلی کے نظام پر منتقل کرنے کے لیے باضابطہ طور پر کام شروع کردیا ہے، جس سے پاکستان کو سالانہ تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ سے 3 کروڑ ڈالر تک زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ جاری بیان میں یہ بات بتائی گئی۔
بیان کے مطابق منصوبے کا ٹھیکہ دے دیا گیا ہے، ٹھیکیدار نے موقع پر مشینری اور عملے کی تعیناتی شروع کردی ہے، جبکہ منصوبے کی تکمیل کی مدت بھی پہلے کی گئی ہے۔ اب اسے اپریل 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو اصل شیڈول کے مطابق 2028 کے اختتام کی مقررہ مدت سے تقریباً 8 سے 9 ماہ پہلے ہے۔
تھر بلاک ون اور بلاک ٹو کی بجلی پر منتقلی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تھر کول اینڈ انرجی بورڈ (ٹی سی ای بی)، سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی)، سائنو سندھ ریسورسز لمیٹڈ (ایس ایس آر ایل)، پاور ڈویژن اور حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے نمائندوں نے شرکت کی۔
منصوبے کے تحت دونوں بلاکس میں کان کنی کے مقامات کو اسلام کوٹ گرڈ اسٹیشن سے 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے قومی گرڈ سے منسلک کیا جائے گا، جس کے ذریعے کان کنی کے مقامات کو تقریباً 60 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کی جلد تکمیل سے مالی بچت کا آغاز بھی پہلے ہوجائے گا۔
وزارت کے مطابق اس منصوبے سے روزانہ تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کے ڈیزل کی بچت متوقع ہے۔ کوئلے کی پیداواری لاگت اور اس کے نتیجے میں کوئلے کے نرخ میں تقریباً 0.70 ڈالر فی ٹن کمی آنے کا امکان ہے، جس سے مجموعی بجلی کی خریداری کی لاگت بھی کم ہوگی۔
وزارت کے مطابق ڈیزل سے بجلی پیدا کرکے کان کنی کے عمل کو چلانے پر فی کلو واٹ آور تقریباً 33 سینٹ لاگت آتی ہے، جو قومی گرڈ سے بجلی حاصل کرنے کے بعد کم ہوکر 13 سینٹ رہ جائے گی۔ اس طرح لاگت میں 60 فیصد سے زائد کمی ہوگی۔
اس وقت کان کنی کے عمل میں روزانہ تقریباً 2 لاکھ سے ڈھائی لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، جس میں سے تقریباً 35 ہزار لیٹر صرف کانوں سے پانی نکالنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ منصوبے کے تحت اس ڈیزل کے بڑے حصے کی جگہ کم لاگت والی بجلی استعمال کی جائے گی۔
دریں اثنا منصوبے سے سالانہ تقریباً 80 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے، جبکہ ڈیزل سے چلنے والی کان کنی کی گاڑیوں کو مرحلہ وار برقی نظام پر منتقل کیا جائے گا، جس سے طویل مدت میں کاربن کے اخراج میں کمی کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔
اجلاس کے دوران تھر کول اینڈ انرجی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ دونوں بلاکس میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے استعمال پر کام جاری ہے۔ بلاک ون کا رواں سال کے اختتام تک تقریباً 40 الیکٹرک ٹرک شامل کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ بلاک ٹو میں گرڈ سے بجلی کی فراہمی مکمل ہونے کے ساتھ 2028 میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کا آغاز کیا جائے گا۔
تھر کا کوئلہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ایک اہم جزو اور پاکستان کی توانائی کے تحفظ کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔


Comments