گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کی عالمی ریلیز کا آغاز، گیمرز وائس سٹی میں داخلے کے لیے تیار
- ایک ارب ڈالر کی تخمینی لاگت سے تیاری اور 13 سال کے طویل انتظار کے بعد، دنیا کی سب سے زیادہ متوقع ویڈیو گیمز میں سے ایک، گرینڈ تھیفٹ آٹو 6، بالآخر عالمی سطح پر ریلیز ہونے جا رہی ہے
انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئی ہیں۔ 13 سال کے طویل انتظار اور ایک ارب ڈالر یا اس سے زائد کے تخمینی پیداواری اخراجات کے بعد تاریخ کے سب سے زیادہ منتظر ویڈیو گیمز میں سے ایک، گرینڈ تھیفٹ آٹو 6، بالآخر کھیلنے کے لیے دنیا بھر میں دستیاب ہونے جا رہی ہے۔
گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 جمعرات کو ہر ملک کی مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے کھلاڑیوں کے لیے جاری کردی جائے گی۔ اس عالمی ریلیز کا آغاز نیوزی لینڈ سے ہوگا، جس کے بعد دنیا بھر میں مقامی وقت کے مطابق گیم دستیاب ہوتی جائے گی۔ بہت سے صارفین اسے پہلے ہی اپنے گیمنگ کنسولز پر ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں۔
ٹیک ٹو انٹرایکٹو کی کمپنی راک اسٹار گیمز کی تیار کردہ یہ گیم سونی کے پلے اسٹیشن 5 اور مائیکروسافٹ کے ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کنسولز پر کھیلی جاسکے گی۔ یہ ایک منفرد اور غیرمعمولی طور پر کامیاب گیم سیریز کی تازہ ترین کڑی ہے، جس کا آغاز 1997ء میں ہوا تھا۔
گرینڈ تھیفٹ آٹو کا پہلا حصہ آج کے جدید معیار کے مقابلے میں سادہ دکھائی دیتا ہے۔ اس کے مشنز میں گاڑیاں چوری کرنا اور جرائم پیشہ گروہوں کے لیے مختلف کام انجام دینا شامل تھا، جس پر سیاست دانوں اور والدین کی جانب سے متوقع طور پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا، تاہم گیمرز نے اسے بے حد پسند کیا۔
سیریز کی ہر نئی قسط کے ساتھ گرافکس اور کہانی پہلے سے زیادہ جدید، پیچیدہ اور حقیقت سے قریب تر ہوتی چلی گئی۔ 2013ء میں ریلیز ہونے والی گرینڈ تھیفٹ آٹو 5 کی کہانی لاس سینٹوس نامی ایک فرضی شہر میں پیش آتی ہے، جو لاس اینجلس کی خیالی عکاسی ہے۔ یہ اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیمز میں شامل ہے۔
اس گیم میں بھی گاڑیاں چھیننے اور اخلاقی اعتبار سے متنازع مشنز کے ذریعے سیریز کے بنیادی تصور کو برقرار رکھا گیا تھا، تاہم اس میں پیراشوٹ سے چھلانگ لگانے، تھیٹرز، ریڈیو اسٹیشنز اور امریکی معاشرے پر طنز کرنے والے پروگراموں سمیت کئی نئی خصوصیات بھی متعارف کرائی گئی تھیں۔
اب اس گیم کی کہانی کا مرکز وائس سٹی ہوگا، جو امریکی ریاست فلوریڈا کے خیالی خطے لیونیڈا میں واقع میامی شہر کی فرضی عکاسی ہے۔
گیم کے ابتدائی مناظر سے شائقین کو اس کی کہانی کے بارے میں کچھ معلومات مل چکی ہیں۔ کھلاڑی دو مرکزی کرداروں، لوسیا کامینوس اور جیسن ڈووال، کے درمیان باری باری کھیل سکیں گے۔ دونوں جرائم میں ایک دوسرے کے ساتھی بھی ہیں اور رومانوی تعلق بھی رکھتے ہیں، تاہم اس تعلق کی نوعیت کتنی گہری ہوگی، اس کا فیصلہ کھلاڑی خود کرسکیں گے۔
گیم میں نائٹ کلبز، اسلحے کی دکانیں، زیرِ آب غوطہ خوری اور چڑیا گھر جیسی سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی، تاہم اس کے کئی پہلو اب بھی منظر عام پر آنا باقی ہیں۔
یونیورسٹی آف ٹینیسی، ناکس وِل کے تاریخ کے پروفیسر ٹورے اولسن کے مطابق گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 اپنے سابقہ حصوں کے مقابلے میں شاید کم اشتعال انگیز ثابت ہو۔ وہ اس گیم سیریز کے ذریعے 1980ء کے بعد کی امریکی تاریخ پر ایک کورس بھی پڑھاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں اب یہ گیم مرکزی دھارے کی ثقافت کا زیادہ حصہ بن چکی ہے اور اس کی تشہیری مہم سے عندیہ ملتا ہے کہ اس میں نسبتاً بہتر اخلاقی طرزِ کھیل اپنانے والے کھلاڑیوں کو زیادہ ترغیب دی جائے گی۔
اولسن نے کہا، ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کے کردار جیسن اور لوسیا مجرم ہوں گے اور باقاعدگی سے قانون شکنی کریں گے، لیکن میرے خیال میں نئی گیم میں کھلاڑیوں کے لیے بلاوجہ بڑے پیمانے پر قتل و غارت کرنا ضروری نہیں ہوگا، بلکہ ممکن ہے کہ اس طرزِ کھیل کو اپنانے والوں کو نقصان بھی اٹھانا پڑے۔‘‘
ایڈنبرا میں قائم راک اسٹار نارتھ کے شریک اسٹوڈیو سربراہ اور گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کے تین تخلیقی سربراہوں میں شامل روب نیلسن نے برطانوی اخبار گارجین کو بتایا کہ بے دریغ تباہی اور قتل و غارت کا راستہ اختیار کرنا ایسے نوجوان جوڑے کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا، جو پہلے ہی مشکل حالات میں گھرے ہوئے ہوں۔
گیم کی ابتدائی فروخت غیرمعمولی طور پر مضبوط رہی ہے۔ تجزیاتی ادارے سینسر ٹاور کے تخمینے کے مطابق ریلیز سے دو روز قبل، یعنی منگل تک، اس کی تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ کاپیاں فروخت ہوچکی تھیں، جن کی مالیت ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد بنتی ہے۔
تاہم، شائقین کی غیرمعمولی توقعات کے باعث مایوسی کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ گیم کا بہت آسان یا حد سے زیادہ مشکل ہونا، کہانی کا غیرتسلی بخش ہونا یا ریلیز کے وقت بڑے تکنیکی نقائص اور خرابیاں سامنے آنا، اس کی ساکھ اور مستقبل کی فروخت دونوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔
’میں کسی سے رابطے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گا‘
گیم کی مرکزی کہانی مکمل کرنے میں تقریباً 50 گھنٹے لگنے کا تخمینہ ہے، اس لیے اس کے بارے میں مکمل ردعمل فوری طور پر سامنے آنے کا امکان نہیں۔ تاہم، کئی شائقین نے کہا ہے کہ وہ اسے کھیلنے کے لیے پوری رات جاگیں گے یا کام سے چھٹی لے کر فوراً گیم میں مصروف ہوجائیں گے۔
لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ کانٹینٹ کریئٹر بریڈن وہیلی نے کہا، ’’جب گرینڈ تھیفٹ آٹو 5 ریلیز ہوئی تھی تو میں بچہ تھا، اس لیے اس نئی گیم کے لیے میرا جوش و خروش غیرمعمولی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ذاتی طور پر میرا ارادہ ہے کہ میں مکمل طور پر اس گیم میں کھوجاؤں گا اور اسے مکمل کیے بغیر کنسول سے نہیں اٹھوں گا۔‘‘
آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں سیلز کے شعبے سے وابستہ 27 سالہ لیوک میکسویل، جو دو بچوں کے والد بھی ہیں، نے بتایا کہ اس گیم کا انتظار ان کے لیے انتہائی کٹھن رہا ہے اور انہوں نے اسے ریلیز ہوتے ہی کھیلنے کے لیے پہلے سے کام سے چھٹی لے رکھی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’میں اپنے پورے خاندان کو پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ مجھے پریشان نہ کریں اور نہ ہی مجھ سے بات کریں۔ میں یہ گیم کھیلنے جا رہا ہوں اور اس دوران کسی سے رابطے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گا۔‘‘
آسٹریلیا کے جنوبی جزیرے تسمانیہ میں خوشبوؤں کی خاندانی دکان وِف اِٹ! بھی ایک ہفتے کے لیے بند رہے گی۔ اس کی وجہ 20 سالہ جونا بووین براؤن ہیں، جنہوں نے اپنی والدہ کو قائل کرلیا کہ وہ انہیں اور ان کے بھائی کو ایک ہفتے کی چھٹی دے دیں۔
بووین براؤن نے کہا، ’’ابتدا میں والدہ اس فیصلے کے سخت خلاف تھیں۔ مجھے انہیں بار بار کہنا پڑا کہ امی، پلیز، مجھے اس کی ضرورت ہے۔ مجھے پورا ہفتہ چاہیے کیونکہ میں اس گیم کا اتنے طویل عرصے سے انتظار کر رہا ہوں۔‘‘
دنیا کے بعض دیگر حصوں میں شائقین ایک تکنیکی طریقہ استعمال کرکے گیم کو ایک روز پہلے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ اپنے ایکس باکس کنسول کا ریجن تبدیل کرکے نیوزی لینڈ منتخب کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے آن لائن پلیٹ فارم ریڈٹ پر لکھا، ’’میں برطانیہ میں ہوں، اس لیے جمعرات کی نصف شب تک انتظار کرنے کے بجائے بدھ کو صبح 11 بجے ہی گیم کھیل سکوں گا، کیونکہ اس وقت نیوزی لینڈ میں نصف شب ہوگی۔‘‘


Comments