آسٹریلیا کا 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر تمام کھلاڑیوں کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کا فیصلہ
- اوپننگ بلے باز کیمرون بینکرافٹ، جو گیند کی سطح خراب کرنے کے لیے میدان میں سینڈ پیپر لے کر آئے تھے، کو نو ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا
کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق تمام کھلاڑیوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے لیے ایک آزاد فورم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ عثمان خواجہ کی سوانح عمری میں سامنے آنے والے انکشافات کے بعد کیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیئرمین ڈیوڈ بون نے ہوبارٹ میں اس کا اعلان کیا۔
چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے واضح کیا کہ یہ اقدام 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات دوبارہ کھولنے کے مترادف نہیں ہوگا اور نہ ہی اس کے نتائج لازماً منظرعام پر لائے جائیں گے۔ کسی کھلاڑی کو نئی سزا بھی نہیں دی جائے گی۔
خواجہ کی کتاب میں ابتدائی تحقیقات کے نتائج سے اختلاف کیا گیا ہے، جن کے مطابق صرف ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ گیند کی حالت خراب کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کی سازش سے آگاہ تھے۔ خواجہ اور وارنر کے مطابق پوری ٹیم کو اس منصوبے کا علم تھا، تاہم ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک اس سے لاعلمی ظاہر کرتے ہیں۔
بال ٹیمپرنگ واقعے پر اسٹیو اسمتھ اور وارنر کو ایک سال جبکہ بینکرافٹ کو نو ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


Comments