ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پیش قدمی برقرار
- ڈالر کے مقابلےمیں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.56 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلےمیں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.56 روپے پر بند ہوئی۔
یاد رہے کہ جمعہ کو مقامی کرنسی 276.57 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی کرنسی مارکیٹ میں منگل کو امریکی ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوا اور یہ دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ امریکا میں مہنگائی کی توقعات سے زیادہ شرح اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے سخت مانیٹری پالیسی کے اشاروں نے ڈالر کو تقویت دی۔
اے آئی سے وابستہ حصص میں عالمی سطح پر فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ کا اعتماد متاثر ہوا جس کے نتیجے میں خطرات کے حوالے سے حساس آسٹریلوی ڈالر دباؤ کا شکار ہوا جبکہ امریکی ڈالر نے آسٹریلوی کرنسی کے مقابلے میں اپنی 10 ماہ کی بلند ترین سطح کو مزید مستحکم کیا۔
گزشتہ ہفتے امریکا میں صارفین کی مہنگائی کی شرح توقعات سے زیادہ تیزی سے بڑھنے کے باعث امریکی ڈالر انڈیکس میں مسلسل پانچ روز تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ منگل کو یہ سلسلہ چھٹے روز بھی جاری رہا اور انڈیکس بڑھ کر 103.66 تک پہنچ گیا، جو 2 اپریل 2025 کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درآمدی محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ انڈیکس چھ بڑی کرنسیوں جن میں یورو، برطانوی پاؤنڈ اور جاپانی ین شامل ہیں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر کی پیمائش کرتا ہے۔
سی ایم ای گروپ کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق، اب تاجروں کو توقع ہے کہ فیڈرل ریزرو دسمبر میں ہونے والے اپنے آئندہ اجلاس میں شرحِ سود میں اضافہ یقینی طور پر کرے گا جبکہ شرحِ سود میں معمول سے زیادہ، یعنی نصف فیصد پوائنٹ اضافے کے امکانات تقریباً 4 فیصد لگائے جا رہے ہیں۔ ایک روز قبل نصف فیصد پوائنٹ اضافے کے یہ امکانات تقریباً 12 فیصد تھے جبکہ ایک ہفتہ قبل شرحِ سود میں کوئی تبدیلی نہ کیے جانے کے امکانات 16 فیصد ظاہر کیے جا رہے تھے۔


Comments