جینسن ہوانگ نے این ویڈیا کے سی ای او کے عہدے پر واپسی کیلئے کوششیں تیز کردیں
- ٹیکنالوجی کے شعبے میں فرنٹیئر لیبز سے باہر اہمیت رکھنے والے تمام افراد جینسن ہوانگ کو پسند کرتے ہیں
فنانشل ٹائمز نے اتوار کو معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جینسن ہوانگ این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر واپسی پر غور کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں اپنے قریبی ساتھیوں سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق ہوانگ کے ایک قریبی ساتھی نے بتایا کہ وہ سلیکان ویلی کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ایک وار روم تشکیل دے رہے ہیں، جس کا مقصد سابق این ویڈیا سربراہ کی واپسی کے لیے لابنگ کرنا اور وائٹ ہاؤس کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرنا ہے۔
اس شخص نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں فرنٹیئر لیبز سے باہر اہمیت رکھنے والے تمام افراد جینسن ہوانگ کو پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں جاری کوششوں کو ہوانگ کی حمایت بھی حاصل ہے۔
یہ رپورٹ فنانشل ٹائمز کی اس خبر کے چند روز بعد سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ این ویڈیا کے بورڈ نے جینسن ہوانگ کے ممکنہ جانشین کی تلاش کے دوران برطانوی چپ ساز کمپنی آرم ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو رینے ہاس سے رابطہ کیا تھا۔
این ویڈیا نے معمول کے کاروباری اوقات کے علاوہ تبصرے کے لیے رائٹرز کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
جینسن ہوانگ نے جمعرات کو ازدواجی تعلقات سے باہر مبینہ تعلقات کے انکشافات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان میں ایک مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلق بھی شامل تھا، جس نے چین کو کمپنی کی جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) چپس کی برآمدات سے متعلق سوالات اٹھا دیے تھے۔
اس اسکینڈل نے چپ ساز کمپنی کو بحران سے دوچار کردیا ہے اور مصنوعی ذہانت کی اس صنعت میں بھی ہلچل پیدا کردی ہے، جس کی مالی معاونت میں ہوانگ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔


Comments