پی ایس ڈبلیو اور علی بابا ڈاٹ کام کا عالمی ای کامرس میں اعتماد کے فروغ اور پاکستانی برآمدکنندگان کی معاونت کے لیے اشتراک
- تجارتی ڈیٹا کی ڈیجیٹل تصدیق کے لیے معاہدہ، پاکستانی برآمدکنندگان کو عالمی خریداروں کا اعتماد حاصل کرنے اور نئی منڈیوں تک رسائی میں سہولت ملے گی
پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) اور علی بابا ڈاٹ کام نے عالمی ای کامرس میں اعتماد کے فروغ اور پاکستانی کاروباری اداروں کی بین الاقوامی تجارت میں شرکت آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل تجارتی ڈیٹا کی تصدیق کی سروس متعارف کرانے کا معاہدہ کیا ہے۔
جمعے کے روز جاری بیان کے مطابق اس اشتراک کا مقصد پاکستانی برآمدکنندگان کو عالمی منڈیوں تک رسائی میں سہولت فراہم کرنا اور بین الاقوامی خریداروں کا اعتماد مضبوط بنانا ہے۔
اس معاہدے کے تحت نئی سروس پی ایس ڈبلیو کے ڈیجیٹل تجارتی ڈھانچے اور علی بابا ڈاٹ کام کے عالمی کاروباری پلیٹ فارم کو یکجا کرے گی۔
اس سروس کے ذریعے علی بابا ڈاٹ کام اور اس کے عالمی خریداروں کو اضافی یقین دہانی فراہم کی جائے گی۔ تصدیق کا عمل ایپلی کیشن پروگرامنگ انٹرفیس (اے پی آئی) کے ذریعے درخواستوں اور جوابات کی بنیاد پر انجام پائے گا، جبکہ اصل تجارتی ڈیٹا کا تبادلہ یا منتقلی نہیں ہوگی۔
علی بابا ڈاٹ کام پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی کاروباری منڈی تک رسائی فراہم کرتا ہے، جہاں وہ بین الاقوامی خریداروں سے رابطہ قائم کرنے کے ساتھ نئی منڈیوں کی تلاش اور اپنی برآمدات کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے ڈیجیٹل سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
تجارتی ڈیٹا کی تصدیق کی یہ سروس پاکستانی سپلائرز پر خریداروں کا اعتماد مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔ اس کے ذریعے برآمدی ڈیکلیریشنز (اعلانات) کے ڈیجیٹل ڈیٹا کی آزادانہ تصدیق ممکن ہوگی، جس سے پلیٹ فارم کے ذریعے ہونے والے تجارتی لین دین کی ساکھ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو سید آفتاب حیدر نے کہا کہ ’’علی بابا ڈاٹ کام کے ساتھ ہمارا اشتراک ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کا ڈیجیٹل تجارتی ڈھانچہ سرحد پار تجارت میں اعتماد مضبوط بنانے والی جدید سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اے پی آئی انضمام کے ذریعے تجارتی ڈیٹا کی تصدیق کی سہولت فراہم کرکے نجی شعبے کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور حکومت کے قانونی مینڈیٹ کے تحت قائم سنگل ونڈو نظاموں کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔ اس کا مقصد تجارتی ڈیٹا کے بہتر استعمال کے ذریعے شفافیت، دیانت داری اور پاکستانی کاروباری اداروں کی پوری سپلائی چین کی ساکھ اور قابلِ اعتماد حیثیت کو مضبوط بنانا ہے۔
علی بابا ڈاٹ کام میں پاکستان کے کاروبار کی سربراہ سمر گاؤ نے کہا کہ ’’ہم پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ شراکت داری اور تجارتی ڈیٹا کی تصدیق کی یہ سروس متعارف کرانے پر خوش ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ یہ اشتراک پلیٹ فارم پر اعتماد کو مزید مستحکم کرنے، پاکستانی برآمدکنندگان کے لیے عالمی خریداروں کے ساتھ کاروبار کو زیادہ آسان بنانے اور بین الاقوامی ای کامرس میں شفافیت اور قابلِ اعتماد ہونے کے نئے معیارات قائم کرنے میں مدد دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھانے اور بین الاقوامی سطح پر کاروبار کو وسعت دینے کے لیے مزید مؤثر معاونت حاصل ہوگی۔


Comments