ملائیشیا کا پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور
- پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، سیاحت، تعلیم اور حلال صنعت میں تعاون بڑھانے پر زور؛ ملائیشیا کا 2027ء تک سیاحتی مہم جاری رکھنے کا اعلان، آسیان کے سیکریٹری جنرل کا رواں ماہ پاکستان کا پہلا دورہ متوقع
ملائیشیا نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے تجارت، سیاحت، تعلیم اور حلال صنعت کو دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے لیے اہم امکانات کا حامل قرار دیا ہے۔
پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مزلاں نے جمعرات کو اسلام آباد میں ملائیشیا کے ہائی کمیشن کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان مواقع کی نشاندہی کی۔ تقریب کا مقصد پاکستانی شراکت داروں اور متعلقہ حلقوں کے تعاون اور حمایت کو سراہنا تھا۔
تقریب میں سفارتی برادری کے ارکان، پاکستانی حکام، کاروباری شخصیات، تھنک ٹینکس اور ملائیشیا کے دوستوں نے شرکت کی۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اگست 1957ء میں ملائیشیا کی آزادی کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں پاکستان شامل تھا۔ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو 2019ء میں اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا، جس سے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک لائحہ عمل فراہم ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا میں مقیم تقریباً ایک لاکھ پاکستانی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ لگ بھگ 5 ہزار پاکستانی طلبہ وہاں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جس کے باعث بین الاقوامی طلبہ کے حوالے سے پاکستان ملائیشیا کے نمایاں ممالک میں شامل ہے۔
تعلیمی تبادلوں میں اضافے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملائیشیا پاکستانی طلبہ کو خوش آئند ماحول فراہم کرتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کی ثقافتی مماثلت اور مشترکہ اقدار اس حوالے سے اضافی سہولت ہیں۔
حلال صنعت کو ایک اور امید افزا شعبہ قرار دیتے ہوئے اظہر مزلاں نے کہا کہ ملائیشیا کا مستحکم حلال نظام، فوڈ ٹیکنالوجی میں مہارت اور بین الاقوامی حلال مصنوعات کی تیاری کا تجربہ، زراعت اور غذائی پیداوار کے شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کی تکمیل کر سکتا ہے۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان شعبوں میں قریبی تعاون سے دونوں ممالک کو ٹھوس اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔
علاقائی اقتصادی مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) میں مشرقی تیمور کی 11ویں رکن کی حیثیت سے شمولیت کے بعد اس کی مجموعی معیشت کا حجم تقریباً 4 ٹریلین ڈالر ہوگیا ہے، جبکہ پاکستان کی آبادی لگ بھگ 25 کروڑ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار پاکستان اور آسیان کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط بنانے کے وسیع امکانات کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں آسیان کمیٹی پاکستانی حکام اور دیگر متعلقہ حلقوں کے ساتھ فعال رابطے میں ہے۔
انہوں نے رواں ماہ کے اواخر میں آسیان کے سیکریٹری جنرل کے پاکستان کے متوقع پہلے دورے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ علاقائی سطح پر روابط تعاون کو وسعت دینے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
ملائیشیا کی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے اظہر مزلاں نے کہا کہ ملک کی ’وزٹ ملائیشیا‘ مہم کو 2027ء تک توسیع دے دی گئی ہے۔ ملائیشیا نے 2025ء میں تقریباً 4 کروڑ 20 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کی، جبکہ 2026ء میں 4 کروڑ 70 لاکھ سیاحوں کی آمد کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے پاکستانی سیاحوں کو ملائیشیا کے سیاحتی مقامات، ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں میں ملائیشیا کے سفر میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔
ہائی کمشنر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام کوالالمپور میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی اپنی شرکت کا بھی ذکر کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اداروں کی سطح پر بڑھتے ہوئے روابط کی مثال قرار دیا۔
امن اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اظہر مزلاں نے کہا کہ ملائیشیا کی خارجہ پالیسی پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کے اصولوں پر مبنی ہے۔
انہوں نے مختلف ممالک، اداروں اور برادریوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ نقطہ ہائے نظر اور پس منظر کے اختلافات کے باوجود باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دیں۔
انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی اور تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا، بالخصوص وزارت خارجہ، وزارت تجارت اور وزارت داخلہ کے علاوہ صوبائی حکام کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کو سراہا۔
حالیہ سفارتی روابط کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے آسیان کے سربراہانِ مشن کے سندھ کے دورے کو نمایاں کیا، جس کے دوران وفد نے صوبائی گورنر اور وزیراعلیٰ سے ملاقاتیں کیں، کراچی کی کاروباری برادری سے تبادلہ خیال کیا اور جامعات کے طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے اقتصادی خوشحالی، علاقائی سلامتی اور امن سے متعلق مباحث میں نوجوان نسل کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر ہائی کمشنر نے مسلسل رابطوں اور کھلے مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات ممالک اور برادریوں کو مشترکہ مقاصد کے لیے مل کر کام کرنے سے نہیں روکنے چاہئیں۔
انہوں نے تقریب میں شریک تمام ممالک کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی، بالخصوص پاکستان اور ملائیشیا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


Comments