جے ایس بینک کے منافع میں 9 ماہ کے دوران سالانہ 67 فیصد اضافہ
- فی حصص آمدن بھی 1.25 روپے سے بڑھ کر 2.10 روپے ہوگئی
جے ایس بینک لمیٹڈ نے30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والے نو ماہ کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق قبل از ٹیکس منافع 58 فیصد اضافے سے 8 ارب 93 کروڑ 20 لاکھ روپے ہوگیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 5 ارب 66 کروڑ 50 لاکھ روپے تھا۔ بعد از ٹیکس منافع 67 فیصد بڑھ کر 4 ارب 30 کروڑ روپے تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال اسی مدت میں 2 ارب 56 کروڑ 90 لاکھ روپے تھا۔ فی حصص آمدن (ای پی ایس) بھی 1.25 روپے سے بڑھ کر 2.10 روپے ہوگئی۔
جے ایس بینک نے اپنی بیلنس شیٹ میں مضبوط پیشرفت برقرار رکھی جس کے نتیجے میں اس کے مجموعی اثاثے 12 فیصد اضافے سے 733 ارب 71 کروڑ 90 لاکھ روپے ہوگئے جب کہ دسمبر 2025 میں یہ 655 ارب 63 کروڑ 60 لاکھ روپے تھے۔ بینک کے مجموعی ڈپازٹس بھی 10 فیصد بڑھ کر 598 ارب 12 کروڑ 30 لاکھ روپے تک پہنچ گئے جو دسمبر 2025 میں 543 ارب 50 کروڑ 20 لاکھ روپے تھے۔ اہم بات یہ ہے کہ بینک نے اپنے ڈپازٹس کی ساخت کو مزید بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ بغیر منافع والے ڈپازٹس کا تناسب دسمبر 2025 کے 40.87 فیصد سے بڑھ کر 43.35 فیصد ہوگیا جو پائیدار اور کم لاگت ڈپازٹ بیس تشکیل دینے پر بینک کی حکمت عملی کا عکاس ہے۔
متنوع ذرائع آمدن کے باعث بینک کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری آئی جس کے نتیجے میں فیس سے حاصل ہونے والی آمدن 4.34 فیصد اضافے سے 3 ارب 82 کروڑ 80 لاکھ روپے ہوگئی۔ دوسری جانب اخراجات پر مؤثر کنٹرول کے باعث نان مارک اپ اخراجات میں اضافہ محض 3.3 فیصد تک محدود رہا اور یہ 23 ارب 15 کروڑ 20 لاکھ روپے تک پہنچ گئے۔
نو ماہ کے دوران بینک نے قرضوں کے ممکنہ نقصانات کے لیے مختص رقم میں 1 ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے کی خالص واپسی ریکارڈ کی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں اس مد میں 3 ارب 18 کروڑ 20 لاکھ روپے کا خالص چارج عائد کیا گیا تھا۔ اس پیشرفت نے بینک کے ظاہر کردہ منافع میں نمایاں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایک اور مثبت پیشرفت کے طور پر بینک نے 4 ارب روپے کے چھٹے ٹائر ٹو ٹرم فنانس سرٹیفکیٹ (ٹی ایف سی) کا اجرا کامیابی سے مکمل کرلیا۔ منافع میں بہتری اور اضافی ٹائر ٹو سرمائے کی معاونت سے 30 ستمبر 2026 تک بینک کا کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو (سی اے آر) 13.30 فیصد رہا۔
جے ایس بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بصیر شمسی نے کہا کہ نو ماہ کی کارکردگی بینک کی مالی پوزیشن مستحکم بنانے اور بنیادی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے کی جانے والی مسلسل پیش رفت کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپازٹس میں مسلسل اضافہ، کم لاگت والے ڈپازٹس کے تناسب میں بہتری اور اخراجات پر مؤثر کنٹرول حوصلہ افزا ہیں۔ بینک پائیدار ترقی، صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے اور پاکستان کی معیشت کے اہم شعبوں کی مالیاتی ضروریات پوری کرنے میں معاونت پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔


Comments