گھٹنے کی انجری میں دوبارہ تکلیف، انگلینڈ کے جیکب بیتھل دورۂ آسٹریلیا سے باہر
- جیکب بیتھل گھٹنے کی انجری دوبارہ بگڑنے کے باعث انگلینڈ کے دورۂ آسٹریلیا کے وائٹ بال اسکواڈ سے باہر ہوگئے
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ انگلینڈ کے بلے باز جیکب بیتھل گھٹنے کی انجری سے صحت یابی کے دوران دوبارہ تکلیف بڑھنے کے باعث آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
23 سالہ کھلاڑی جولائی میں بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کی فتح کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیل سکے۔ لارڈز کے میدان پر 91 رنز کی اننگز کے دوران انہیں گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی تھی۔ ستمبر میں ان کی سرجری ہوئی اور وہ میدان میں واپسی کی امید کے ساتھ آسٹریلیا بھی گئے تھے، تاہم اسکین رپورٹ کے بعد انہیں دورے سے باہر کردیا گیا ہے۔
ای سی بی نے کہا، ’’دائیں گھٹنے کے اسکین کے بعد جیکب بیتھل کو آسٹریلیا کے وائٹ بال دورے سے باہر کردیا گیا ہے۔‘‘
انگلینڈ نے بیتھل اور فاسٹ بولر جوش ٹنگ کی جگہ ون ڈے اسکواڈ میں جیمز کولز اور ایڈی جیک کو شامل کرلیا ہے۔ جوش ٹنگ پہلے ہی بائیں پاؤں کے انگوٹھے کی انجری کے باعث دورے سے باہر ہوچکے ہیں۔
انگلینڈ جمعے سے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز کرے گا، جس کے بعد پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد انگلش ٹیم جنوبی افریقا روانہ ہوگی، جہاں 17 دسمبر سے ٹیسٹ سیریز شروع ہوگی۔


Comments