ڈی سلوا اور کامندو کی نصف سنچریاں، پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے 4 وکٹوں پر 221 رنز
- ڈی سلوا 87 اور کامندو مینڈس 58 رنز بنا کر نمایاں، مہمان ٹیم اب بھی پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور سے 213 رنز پیچھے
پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے کھانے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے، جس میں سابق کپتان دھننجیا ڈی سلوا اور کامندو مینڈس کی نصف سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا۔
تیسرے دن کا کھیل شروع ہونے پر سری لنکا کا اسکور 3 وکٹوں پر 114 رنز تھا۔ دھننجیا ڈی سلوا نے اپنی 21ویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 87 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان کوشل مینڈس 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اس طرح مہمان ٹیم پاکستان کے پہلی اننگز کے 9 وکٹوں پر 434 رنز (ڈکلیئر) کے جواب میں اب بھی 213 رنز کے خسارے میں تھی۔
سری لنکا نے صبح کے سیشن میں صرف ایک وکٹ گنوائی۔ ڈی سلوا اور کامندو مینڈس نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 91 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔
ڈی سلوا 38 رنز پر رضا اللہ کی گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ دے بیٹھے تھے، تاہم سعود شکیل ایک مشکل کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈی سلوا نے 121 گیندوں پر 9 چوکے لگائے۔
کامندو مینڈس نے اپنی آٹھویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی، تاہم محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 131 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جس میں 8 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس 33 رنز دے کر 2 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان نے 82 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


Comments