پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کا سوئی میں 4 کروڑ ڈالر کی لاگت سے گہری کھدائی کا منصوبہ
- کمپنی نظام میں اضافی گیس شامل کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کر رہی ہے
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)، جو ملک کی بڑی تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار (ای اینڈ پی) کرنے والی کمپنیوں میں سے ایک ہے، مالی سال 2027-28 میں اپنے سوئی گیس فیلڈ میں 6 ہزار میٹر گہرا تحقیقی کنواں کھودنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کا ابتدائی ہدف 2 ٹریلین مکعب فٹ (ٹی سی ایف) گیس کے ذخائر کی تلاش ہے۔ کمپنی نے پرانے گیس فیلڈز سے پیداوار میں مسلسل کمی کے اثرات زائل کرنے کے لیے تلاش کی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی رپورٹ کے مطابق اس پیش رفت سے متعلق بدھ کو تجزیہ کاروں کے ساتھ ایک بریفنگ سیشن میں آگاہ کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا سوئی ڈیپ ڈرلنگ کا ہدف مالی سال 2027-28 مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت 6 ہزار میٹر گہرائی تک کھدائی کی جائے گی اور ابتدائی طور پر 2 ٹریلین مکعب فٹ گیس کے ذخائر کی تلاش کی جائے گی۔ بلند درجہ حرارت اور زیادہ دباؤ کی صورتحال تکنیکی چیلنجز پیدا کرسکتی ہے، جبکہ اس منصوبے پر سرمایہ جاتی اخراجات کا تخمینہ 3 کروڑ 50 لاکھ سے 4 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔
یہ منصوبہ کمپنی کی پیداوار برقرار رکھنے اور اس میں اضافے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، کیونکہ اس کے پرانے گیس فیلڈز میں قدرتی طور پر سالانہ تقریباً 8 سے 9 فیصد کی شرح سے ذخائر اور پیداوار میں کمی آرہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی پی ایل کو توقع ہے کہ مالی سال 2027-28 میں اس کی پیداوار بڑھ کر تقریباً 68 کروڑ مکعب فٹ گیس کے مساوی یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی ای) ہوجائے گی، جو مالی سال 2025-26 میں 64 کروڑ 90 لاکھ مکعب فٹ یومیہ تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا پی پی ایل کو توقع ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران اس کی پیداوار میں مزید 3 کروڑ 30 لاکھ مکعب فٹ گیس کے مساوی یومیہ اضافہ ہوگا، جس کی بنیادی وجہ ناشپا میں بارگ زئی، لطیف-25، ماکوری ایسٹ، تولنج ویسٹ اور کِرتھر بلاک میں رحمان-9 کے مقامات پر ہونے والی دریافتیں ہوں گی۔ ان فیلڈز میں ترقیاتی سرگرمیوں سے تقریباً 1 کروڑ 70 لاکھ مکعب فٹ یومیہ پیداوار حاصل ہونے کی توقع ہے۔
کمپنی نظام میں اضافی گیس شامل کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ظفیر گیس پروسیسنگ پلانٹ دسمبر 2026 میں کام شروع کرنے کی توقع ہے، جہاں ابتدائی طور پر تقریباً 2 کروڑ مکعب فٹ یومیہ فروخت کے قابل گیس فراہم کی جائے گی، جسے دوسرے مرحلے میں بڑھا کر 4 کروڑ مکعب فٹ یومیہ کردیا جائے گا۔ اس منصوبے میں پی پی ایل کا 65 فیصد ورکنگ انٹرسٹ (حصہ داری) ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سجاول میں ایک اور منصوبہ، پٹیجی گیس پروسیسنگ پلانٹ، زیر تعمیر ہے اور جون 2027 تک اس کی تکمیل اور فعالیت متوقع ہے۔ اس پلانٹ سے تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ مکعب فٹ یومیہ اضافی فروخت کے قابل گیس حاصل ہونے اور تقریباً 8 ارب روپے کی آمدن پیدا ہونے کی توقع ہے۔


Comments