افغانستان سے بلااشتعال فائرنگ پر سیکیورٹی فورسز کا سخت جواب، طالبان اہلکار چوکیاں چھوڑ کر فرار
- یہ تازہ جھڑپ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند روز قبل، 27 اکتوبر کی شب افغان طالبان فورسز نے پاکستانی شہریوں کے گھروں اور انگور اڈہ بازار پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی
جنوبی وزیرستان لوئر کے ڈپٹی کمشنر نے اتوار کو بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے والی افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں سے بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ افغان سرحدی چوکیوں سے انگور اڈہ کے علاقے میں پاکستانی چوکیوں پر مسلسل فائرنگ کی جارہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد سرحدی چوکیوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے بھرپور جواب کے بعد افغان طالبان اہلکار اپنی چوکیاں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پاکستانی سرحدی علاقوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
یہ تازہ جھڑپ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند روز قبل، 27 اکتوبر کی شب افغان طالبان فورسز نے پاکستانی شہریوں کے گھروں اور انگور اڈہ بازار پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔


Comments