بھارت میں سمندری طوفان سے 6 افراد ہلاک
- طوفان کی آمد سے قبل آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا
بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان ارنب گزرنے کے ایک روز بعد جمعرات کو بھی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، جبکہ حکام کے مطابق کم از کم 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ طوفان کے باعث شدید بارشیں اور تیز ہوائیں چلیں۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے ہلاکتوں کی تعداد 9 بتائی، جن میں بجلی کا کرنٹ لگنے اور درختوں و مکانات کے گرنے کے واقعات شامل ہیں۔ تاہم، آندھرا پردیش کی ریاستی حکومت کے ایک عہدیدار کے مطابق سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد 6 ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے طوفان ارنب کو انتہائی شدید سمندری طوفان قرار دیا تھا، جو اس کی درجہ بندی میں تیسری بلند ترین سطح ہے۔ طوفان بدھ کی صبح آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرایا۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کے مطابق طوفان سے بجلی کے کم از کم 15 ہزار کھمبوں کو نقصان پہنچا۔ بیان کے مطابق کوناسیما اور مغربی گوداوری کے علاوہ بیشتر اضلاع میں بجلی بحال کردی گئی تھی۔
حکام نے بتایا کہ آندھرا پردیش کے ساحل کے قریب پھنس جانے والا مارشل آئی لینڈز کے پرچم بردار مال بردار جہاز جمعرات کو بھی خراب سمندری حالات کے باعث رکا ہوا تھا۔ جہاز پر عملے کے 20 ارکان سوار تھے۔
طوفان کی آمد سے قبل آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ بعض اسکول بند کردیے گئے، جبکہ ٹرینوں اور پروازوں کی کچھ سروسز بھی منسوخ کردی گئیں۔


Comments