بھارت، سمندری طوفان ارنب کے پیش نظر ہزاروں افراد کے انخلا کی تیاری
- بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ارنب شدت اختیار کرکے سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے
بھارت کی مشرقی ساحلی پٹی پر واقع دو ریاستیں سمندری طوفان ارنب کے پیش نظر ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ طوفان بدھ کو ساحل سے ٹکرا سکتا ہے، جبکہ اڈیشہ کے بعض اضلاع میں دو روز کے لیے اسکول اور کالج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ارنب شدت اختیار کرکے سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ بدھ کی صبح تک ریاست آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرائے گا، جہاں ہوا کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
طوفان کے باعث آندھرا پردیش کے شمالی اور وسطی ساحلی اضلاع جبکہ پڑوسی ریاست اڈیشہ کے جنوبی علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے۔
آندھرا پردیش کی حکومت نے سمندر میں موجود کشتیوں کو واپس ساحل پر آنے کی ہدایت کی ہے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی صورت میں اسے فوری بحال کرنے کے اقدامات کا حکم دیا ہے۔
ریاست کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے پیر کو خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ حکومت نے 570,000 افراد کو ممکنہ خطرے سے دوچار قرار دیا ہے اور انخلا پیر کی شام سے شروع ہوگا۔
اڈیشہ حکومت نے پانچ اضلاع میں منگل اور بدھ کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
خلیج بنگال دنیا میں سمندری طوفانوں کے بڑے مراکز میں شمار ہوتی ہے۔


Comments