میئر کی تجاوزات ختم کرنے کے لیے ڈیڈ لائن مقرر
- ہدف كے حصول میں ناکام افسران کے خلاف ملازمت سے برطرفی اور سخت محکمانہ کارروائی کی وارننگ بھی دے دی
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی اہم شاہراہوں، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات سے تجاوزات ختم کرنے کے لیے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے محکمہ انسدادِ تجاوزات کو 15 روز کی مہلت دے دی ہے۔ انہوں نے ہدف پورا کرنے میں ناکام افسران کے خلاف ملازمت سے برطرفی سمیت سخت محکمانہ کارروائی کی وارننگ بھی دی ہے۔
محکمہ انسدادِ تجاوزات کے افسران کے ساتھ ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میئر نے محکمے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹوں سے متعلق شہریوں کی شکایات بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کرنے، اہم شاہراہوں اور تجارتی علاقوں کو ترجیح دینے اور مقررہ مدت میں قابلِ پیمائش نتائج کے حصول کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی ترقی پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں، تاہم سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات برقرار رہنے سے شہری ان سہولتوں سے مستفید نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے تجاوزات کے خاتمے کے بعد دوبارہ قبضے روکنے اور قانون کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments