طوفان چیمپی سے تائیوان میں تباہی، ایک ہلاک، 500 سے زائد زخمی
- طوفان کی شدت میں مسلسل کمی آرہی ہے
تائیوان کے قریب سے گزرنے والے طوفان چیمپی کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ تیز ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ طوفان کی شدت میں مسلسل کمی آرہی ہے اور وہ شمال کی جانب چین کے ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے، تاہم اس کے چینی ساحل سے ٹکرانے کا امکان نہیں ہے۔
تائیوان کی سینٹرل ویدر ایڈمنسٹریشن کے مطابق چیمپی نے ایک وقت میں سپر ٹائفون کی شدت اختیار کرلی تھی اور یہ رواں سال بحرالکاہل کے طاقتور ترین طوفانوں میں شمار ہوتا تھا۔ شدت میں کمی کے باوجود طوفان کے مرکز کے قریب ہوا کے جھکڑوں کی رفتار اب بھی تقریباً 126 کلومیٹر فی گھنٹہ (78 میل فی گھنٹہ) ہے۔
ادارے کے مطابق طوفان تائیوان سے تقریباً 170 کلومیٹر (106 میل) شمال مشرق میں موجود تھا۔ ہفتے کی علی الصبح یہ جزیرے کے شمال مشرقی ساحل کے قریب سے گزرا اور ییلان کاؤنٹی کے ساحلی علاقے کو چھوتا ہوا آگے بڑھ گیا۔
طوفان کا مرکز نصف شب کے قریب جنوب کی جانب مڑ گیا اور ییلان کے ساحل کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتا رہا۔ بعدازاں اس نے سمندر میں ایک غیر معمولی چکر لگایا اور شمال کی جانب بڑھتے ہوئے ساحل سے دور ہوگیا۔ بعض ساحلی علاقوں میں ہوا کے جھکڑوں کی رفتار 227 کلومیٹر فی گھنٹہ (141 میل فی گھنٹہ) تک پہنچ گئی، جس سے بجلی کی تاریں گر گئیں اور چھتوں کی ٹائلیں اڑ گئیں۔


Comments