مانچسٹر یونائیٹڈ کو مایوس کرنے پر رونالڈو تنقید کی زد میں، سابق کوچ ایرک ٹین ہیگ
- فٹنس کی کمی کے باعث رونالڈو ٹیم کے لیے مسائل کا سبب بنے، ٹین ہیگ نے انہیں باہر رکھنے کے فیصلے کو منطقی قرار دے دیا
مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کوچ ایرک ٹین ہیگ نے کرسٹیانو رونالڈو کی فٹنس اور تیاری میں کمی کو کلب کے ساتھ ان کے دوسرے دور میں مشکلات کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرتگالی اسٹار نے ’’ٹیم کو مایوس کیا‘‘۔
رونالڈو نے سر ایلکس فرگوسن کی کوچنگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ پریمیئر لیگ کے 3 ٹائٹل جیتے اور 2009 میں ریال میڈرڈ چلے گئے۔ وہ 2021 میں دوبارہ اولڈ ٹریفورڈ واپس آئے۔
تاہم ڈچ کوچ ٹین ہیگ کی زیر نگرانی رونالڈو 2022-23 کے سیزن میں مشکلات کا شکار رہے۔ انہوں نے لیگ کے 10 میچوں میں صرف ایک گول کیا اور نومبر 2022 میں کلب چھوڑ دیا۔
منگل کو شائع ہونے والے دی ایتھلیٹک کو انٹرویو میں ٹین ہیگ نے کہا کہ رونالڈو نے ٹیم اور انہیں مایوس کیا، کیونکہ انہوں نے پرتگالی کھلاڑی کو اپنے منصوبوں کا حصہ بنایا تھا۔
رائٹرز نے رونالڈو کے نمائندوں سے اس بیان پر تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے۔


Comments