رافیل جودار کی شنگھائی ماسٹرز میں بال بوائے سے بدزبانی پر معذرت
- ٹینس کھلاڑی نے غصے کو وجہ قرار دیتے ہوئے رویہ بہتر بنانے کا عزم ظاہر کردیا
رافیل جودار نے شنگھائی ماسٹرز میں پری کوارٹر فائنل میچ کے دوران بال بوائے سے بدزبانی پر معذرت کرلی۔ ہسپانوی ٹینس کھلاڑی کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران مایوسی بڑھنے پر وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے۔
بدھ کو نیدرلینڈز کے کھلاڑی بوٹک فان ڈی زینڈشلوپ کے خلاف میچ میں ایک پوائنٹ ہارنے کے بعد جودار نے غصے میں بال بوائے سے اپنا تولیہ مانگا اور ہسپانوی زبان میں نازیبا الفاظ استعمال کیے۔
چیئر امپائر جمی پینوارگوٹے نے غیر کھیلوں کے رویے پر جودار کو ضابطے کی خلاف ورزی کا نوٹس دیا۔ امپائر نے 20 سالہ کھلاڑی کو خبردار بھی کیا کہ وہ بال بوائز سے اس انداز میں بات نہ کریں۔
جودار نے کاسپر روڈ کے خلاف کوارٹر فائنل جیتنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بال بوائے کے ساتھ ان کا رویہ غلط تھا اور انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام مقابلوں اور ٹورنامنٹس میں بال بوائز اور امپائرز کا احترام کرتے رہے ہیں۔
ان کے مطابق میچ کی صورتحال کے باعث وہ شدید مایوس تھے اور ایک پوائنٹ بھی انتہائی سخت مقابلے کے بعد ہارے تھے۔ ان کا مقصد بال بوائے کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا، بلکہ وہ خود پر قابو نہیں رکھ سکے تھے۔


Comments